آصف علی زرداری کی پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت،

دہشتگرد ماضی میں اسکولوں کو بم سے تباہ کر رہے تھے اب پولیو ورکرز پر حملے کر رہے ہیں،سابق صدر

بدھ 26 نومبر 2014 19:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) سابق صدر آصف علی زرداری نے بدھ کی صبح کوئٹہ میں پولیو ورکرز پر حملہ کی شدید مذمت کی ہے جس میں چارپولیو ورکرز بشمول تین خواتین شہید ہو گئے۔ اپنے ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ دہشتگردوں نے یہ بزدلانہ حملہ کر کے ثابت کر دیا کہ وہ ہماری آئندہ نسلوں کو صحت اور تعلیم سے محروم کرنا چاہتے ہیں۔

انھو ں نے کہا کہ پولیو ورکرز پر حملہ کرنے کا مطلب بچوں کو معذور کرنے والی بیماری سے تحفظ کی فراہمی روکنا ہے۔

(جاری ہے)

یہی دہشتگرد ماضی میں اسکولوں کو بم سے تباہ کر رہے تھے اور کچھ عرصہ سے پولیو ورکرز پر حملے کر رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے ان ملک اور قوم دشمنوں کے خلاف قوم سے متحد ہونے کی اپیل کی۔ سابق صدر نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مجرموں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے اور مستقبل میں پولیو ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ آصف زرداری نے پولیو ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز قوم کے ہیرو اور ہیروئن ہیں۔ انھوں نے خدا تعالیٰ سے مرحومین کی روح کے ایصالِ ثواب کی دعا کی اور غمزدہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :