شارجہ ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل ختم، محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ، پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے

بدھ 26 نومبر 2014 18:48

شارجہ ٹیسٹ: پہلے دن کا کھیل ختم، محمد حفیظ کی شاندار بیٹنگ، پاکستان ..

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر۔2014ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے افتتاحی روز کا کھیل ختم ہو گیا ہے اور پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا لئے ہیں۔ محمد حفیظ 178 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری کی جانب گامزن ہیں، کپتان مصباح الحق 38 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کو 44کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شان مسعود 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

محمد حفیظ اور اظہر علی نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز جوڑ کر مجموعی سکور کو 131 پر پہنچا دیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا اور اظہر علی 39 رنز بنا کر کریگ کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 160 کے مجموعی سکور پر گری جب یونس خان 5 رنز بنا کر ویٹوری کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

یونس خان کے آﺅٹ ہونے کے بعد کپتان مصباح الحق میدان میں آئے اور محمد حفیظ کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز جوڑ کر مجموعی سکور کو 281 پر پہنچا کر ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کر دیا۔ پاکستان نے پہلے دن کے اختتام تک 281 رنز بنائے ہیں اور حفیظ 168 جبکہ کپتان مصباح الحق 38 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کریگ 2 جبکہ ڈینئیل ویٹوری نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :