حکومت سندھ لائسنس یافتہ اسلحہ کی فورنسک لیبارٹری میں رجسٹریشن کے لئے قانون سازی کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے،سیکریٹری داخلہ

بدھ 26 نومبر 2014 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) حکومت سندھ لائسنس یافتہ اسلحہ کی فورنسک لیبارٹری میں رجسٹریشن کے لئے قانون سازی کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ سیکریٹری داخلہ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے فورنسک ڈویژن سندھ کا دورہ کیا اور بتایا کہ سندھ میں جرائم پر قابو پانے کے لئے جدید تقاضوں کے مطابق عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں جس میں قانونی اسلحہ کی فورنسک لیبارٹری میں رجسٹریشن بھی شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لائسنس یافتہ اسلحہ سے چلے ہوئے کارتوس نمونے کے طور پر فارنسک لیبارٹری میں بطور بیلسٹک سگنیچر جمع کرانا ہونگے ۔لائسنس یافتہ اسلحہ کے بیلسٹک سگنیچر جرائم کی وارداتوں میں استعمال ہونے والے اسلحے کی شناخت میں معاون ثابت ہونگے اسطرح جرائم کی وارداتوں میں لائسنس یافتہ اسلحے کے استعمال کا امکان کم رہ جائیگا اور لائسنس یافتہ اسلحہ سے کسی بھی جرم میں ملوث ہونے پر ملزم کو باآسانی گرفتار کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

صوبہ میں تقریباً 9 لاکھ غیر ملکی موجود ہیں جنکی وجہ سے مختلف مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ سندھ میں صوبہ کے داخلی راستوں پر جدید ساز و سامان سے لیس پختہ چیک پوسٹیں بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ، ان چیک پوسٹوں پر پولیس، رینجرز اور ایکسائز اہلکار 24 گھنٹے تعینات ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تقریباً 120000 اسلحہ لائسنس موجود ہیں لیکن اب تک صرف تقریباً 25 فیصد لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے رجوع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صوبہ میں جرائم پر قابو پانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور جرائم پر قابو پانے کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ فارنسک لیبارٹری جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری میں مدد دینگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارنسک لیبارٹری میں کام کرنے والوں کو مزید جدید تربیت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ صوبہ میں امن و امان کو قائم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

سیکریٹری داخلہ نے اپنے دورے کو دوران عوام اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافظ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ حکومت کی جانب سے جرائم پیشہ افراد ک خلاف جاری کار روائی میں مزید کامیابی ہو سکے اور معاشرے کو پر امن بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :