مسلک دیوبند کی نمائندہ تنظیموں کے اتحادکی رابطہ کمیٹی کا اجلاس،

اتحاد کو درپیش خطرات ، ان کے تدارک اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کا جائزہ

بدھ 26 نومبر 2014 18:24

ملتان(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء)مسلک دیوبند کی تمام نمائندہ تنظیموں کے اتحادکی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مولاناسیدعطاألمومن حسنی بخاری کی صدارت میں ہو اجس میں اتحاد کو درپیش خطرات ، ان کے تدارک اور دیگر جماعتوں سے رابطوں کا جائزہ لیا گیااور فیصلہ کیا گیا کہ اتحاد کی سپریم کونسل کا اجلاس جلد از جلد ہونا چاہئے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے جبکہ رابطہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 6دسمبر کو لاہور میں ہوگا ۔

ابو راشد حسنی کے مطابق امیراحرارکی رہائش گاہ داربنی ہاشم مہربان ملتان میں میں ہونے والے اس اجلاس کے دیگرشرکاء میں مولاناعبدالرؤف فاروقی،حافظ حسین احمد،مولانااللہ وسایا،سیدکفیل بخاری،ڈاکٹرخادم حسین ڈھلوں اور مولانا عمرقریشی شریک ہوئے جبکہ وفاق المدارس کے سیکرٹری جنرل قاری محمد حنیف جالندھری اور نفاذ شریعت کے مولانا زاہد الراشدی بیرون ملک ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شریک ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام شریک رہنماؤں نے اس اتحاد کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے لئے اپنی تجاویز پیش کیں ۔اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل اورسپریم کونسل کے آئندہ اجلاس پر غور کیاگیا۔ اس کے علاوہ اتحاد کو درپیش ہمہ قسم خطرات کاجائزہ اورانکے تدارک پرغورکیاگیا۔اس موقع پر یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ رابطہ کمیٹی کا آئندہ اجلاس 6 دسمبرکومرکز احرار 48 اے شیراں والی گلی پونچھ روڈسمن آبادلاہور میں ہوگا۔

اجلاس صدراجلاس مولاناسیدعطاألمومن حسنی بخاری امیرمرکزیہ مجلس احراراسلام پاکستان کی دعاپراختتام پذیرہوا۔اس ضمن میں آن لائن نے جب جے یو آئی ف کے سیکرٹری اطلاعات حافظ حسین احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں 11رکنی رابطہ کمیٹی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس کا آئندہ اجلاس لاہور میں ہوگا جبکہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سپریم کونسل کا بھی جلد از جلد اجلاس بلایا جائے، سپریم کونسل کے اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کے سربراہ شامل ہیں اور ان کے درمیان رابطہ سے سپریم کونسل کے اجلاس کی تاریخ کا تعین کیا جائے گا۔