امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کی شمالی وزیرستان میں مکان پر امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت

بدھ 26 نومبر 2014 17:51

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے شمالی وزیرستان میں مکان پر امریکی ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ المرکزاسلامی سے جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ ڈرون حملہ جارحیت اورکھلی دہشت گردی ہے۔ شمالی وزیرستان میں پہلے سے ہی آپریشن ضرب عضب جاری ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں قبائلیوں کو اپنے گھروں سے حجرت پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔ آئے روز ڈرون حملوں میں اب تک ہزاروں بے گناہ قبائلی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ وزیراعظم اور آرمی چیف ڈرون حملوں کا نوٹس لیں اور اس پر واضح اور دوٹوک موقف اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں جاری آپریشن فوری طور پر بند کیا جائے اور جو علاقے فوج کی جانب سے کلیئر قرار دئے گئے ہیں ان میں وہاں کے لوگوں کو عزت و احترام کے ساتھ واپس بھیجا جائے۔