دھرنے‘ تشدد اور ہڑتالوں کی بجائے باہمی مشاورت‘ مذاکرات اور اعتماد کی فضاء سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے، شہریوں کو مسائل کے حل امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون پالیسی کو رواں رکھنے کی ضرورت ہے

ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان کا انجمن تاجران کے اجلاس سے خطاب

بدھ 26 نومبر 2014 17:34

سرگودھا( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) ڈی سی او سرگودھا ثاقب منان نے کہا ہے کہ دھرنے‘ تشدد اور ہڑتالوں کی بجائے باہمی مشاورت‘ مذاکرات اور اعتماد کی فضاء سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔ شہریوں کو مسائل کے حل امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون پالیسی کو رواں رکھنے کی ضرورت ہے۔ وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم انجمن تاجران کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس میں انجمن تاجران کے عہدیداروں میاں عبدالجبار‘ چوہدری قیصر مشتاق‘ محمد عرفان بٹ اور شاہین احسان مغل کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ کچہری اوور ہیڈ برج کی تعمیر تعطل سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے اس ضمن میں مقامی سیاسی قائدین اور ضلعی انتظامیہ بھرپور انتظامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ ریلوے‘ پاک سی ڈبلیو ڈی اور ٹی ایم اے سرگودھا نے باہمی اشتراک سے کچہری ریلوے پھاٹک کو کھولنے کے لئے ایک ہفتہ کی مہلت لی ہے۔

انشاء اللہ یہ مسئلہ چند روز تک حل ہوجائے گا۔ علاوہ ازیں انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کی ہلاکت کے بارے میں بتایا کہ اس سلسلہ میں میڈیا نے آکسیجن کی عدم فراہمی کا غلط تاثر دے کر شہریوں میں خوف و ہراس اور سنسنی پھیلا رکھی ہے حالانکہ ہسپتال کے بچہ وارڈ میں آکسیجن کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اکثر بچوں کی ہلاکت قبل از وقت پیدائش اور غیر معمولی کمزوری اور معذوری کی وجہ سے ہورہی ہے تاہم حکومت معاملات کی بہتری کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

ڈی سی او نے پی ٹی آئی کی طرف سے 30 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاجی پروگرام کے بارے میں انجمن تاجران کو اعتماد میں لیتے ہوئے کہا کہ شہری اور تاجر ایسے منفی اقدامات سے گریز کریں اور ایسے عناصر کا آلہ کار بننے کی بجائے محب وطن شہری کا ثبوت دیں انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے عناصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں عبدالجبار‘ چوہدری قیصر مشتاق اور محمد عرفان بٹ نے ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ کچہری ریلوے پھاٹک پر اوور ہیڈ برج کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پھاٹک کو بلاتاخیر کھولنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پھاٹک کے سلسلہ میں دھرنا دینے والوں کے پس پردہ کچھ اور ہی عزائم ہیں جن کی تکمیل کے لئے وہ ایسے منفی احتجاجی پروگرام کرکے تشدد اور امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور سیاسی رہنماؤں کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

متعلقہ عنوان :