سرگودھا کے بعد ملتان میں ناکافی سہولیات سے درجنوں بچوں کی اموات

بدھ 26 نومبر 2014 17:32

ملتان (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) سرگودھا میں ناکافی سہولیات کی وجہ سے درجنوں بچوں کی اموات کے بعد ملتان چلڈرن کمپلیکس میں بھی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے روزانہ 5 سے7بچے جاں بحق ہونے لگے،ایم ایس چلڈرن کمپلیکس کے مطابق چلڈرن کمپلیکس جنوبی پنجاب میں بچوں کاواحد ہسپتال ہے، اس ہسپتال میں تین صوبوں سے مریض آتے ہیں، روزانہ 5 سے7بچوں کی اموات ہوتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں میں سرگودھا میں ناکافی سہولیات کی وجہ سے درجنوں نومولود بچوں کی اموات ہوئیں لیکن وزیر اعلیٰ کی طرف سے نوٹس لینے کے باوجود ابھی تک تاحال اموات کے سلسلہ کو روکا نہ جا سکا۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا کے بعد اب ملتان چلڈرن کمپلیکس میں بھی سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے روزانہ 5 سے7بچے جاں بحق ہونے لگے ہیں۔

(جاری ہے)

ایم ایس چلڈرن کمپلیکس ڈاکٹر رضا نے کہا ہے کہ چلڈرن کمپلیکس جنوبی پنجاب میں بچوں کاواحد ہسپتال ہے، اس ہسپتال میں تین صوبوں سے مریض آتے ہیں، روزانہ300سے 400 بچے پیدا ہوتے ہیں ، بچوں کی تعداد کے حوالے سے ہسپتال میں سہولتوں کے فقدان کی وجہ سے روزانہ تقریباً 5 سے7بچوں کی اموات ہوتی رہتی ہیں، تاہم کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ پورے دن کوئی بھی بچہ جاں بحق نہیں ہوتا ۔

اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس صورتحال کا نوٹس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں ضرورت کے مطابق سہولیات مہیا کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :