آئندہ جنوبی پنجاب میں ہونے والے مظالم پر خاموش نہیں رہا جائیگاآواز بلند کی جائے گی ‘ حافظ طاہر محمود اشرفی

بدھ 26 نومبر 2014 16:49

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے اور علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقیقی اسلامی تعلیمات کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے کسی مصلحت کا شکار نہ ہوں ، دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید علوم کے حصول سے اسلام نے منع نہیں کیا۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملتان میں دو روزہ علماء ، خطباء اور مدارس عربیہ کے طلباء کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر مولانا قاری اللہ داد ، مولانا عبد الحق مجاہد ، مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا انوار الحق مجاہد ، حافظ محمد امجد ، مولانا مفتی محمد عمر فاروق ، مولانا یعقوب شیخ ، مولانا اشفاق پتافی ، مولانا عمر عثمان ،مولانا ابو بکر عثمان ، رانا محمد صفدر ، چوہدری شبیر یوسف گجر ،مولانا خالد محمود ضیاء ، مولانا سمیع اللہ ربانی اور دیگر علماء اور پروفیسرز نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ معاشرے میں علماء کا کردار اہم ہے ۔ اب محراب و منبر سے عوامی مسائل کی طرف توجہ دی جانی چاہیے ۔ امن و امان کے قیام میں مساجد و مدارس کے کردار کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ، اسی طرح اسلامی تعلیمات کے خلاف کیے جانے والے پراپوگنڈوں کو روکنے کے لیے بھی علماء اکرام کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ دنیاوی علوم کی طرف بھی توجہ کرنی چاہیے تا کہ وہ عصر حاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ان کاحل پیش کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر محراب و منبر طے کر لیں کہ آئندہ کسی بچی کے ساتھ زیادتی کا کیس ہو گا تو محراب و منبر سے اس کے خلاف آواز بلند کی جائے گی تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ بچیوں کی عزتوں سے کھیلنے والے اپنی ان حرکتوں سے باز نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جنوبی پنجاب میں ہونے والے مظالم پر خاموش نہیں رہا جائے گا اور علماء اکرام خواتین کو تعلیم سے روکنے والوں اور ان کی عزتوں اور عصمتوں سے کھیلنے والوں کے خلاف میدان میں نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بین المسالک ، بین المذاہب رواداری کے لیے بھی اپنا کر دار ادا کرنا چاہیے ۔مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ملک بھر میں علماء اکرام کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اسلام کی بنیادی حقیقی تعلیمات کی طرف توجہ دلانے کے لیے کوشاں ہے ۔ محراب و منبر سے جو آواز اٹھتی ہے وہ پوری قوم کی آواز بن جاتی ہے اس لیے محراب و منبر کے وارثوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کو اس کی حقیقی منزل مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست کی طرف لے کر جائیں جہاں سب کو یکساں حقوق ملیں اور کوئی کسی کے ساتھ تعصب کی بنیاد پر نا انصافی نہ کرے۔

کراچی سے آئے ہوئے ممتاز عالم دین مولانا قاری اللہ داد نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل جس طرح اسلام کی بنیادی حقیقی تعلیمات کو عوام الناس تک پہنچانے کے لیے کوششیں کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔ وقت اور حالات کا تقاضہ ہے کہ ہر قسم کے تعصبات کو ختم کر کے حقیقی اسلامی تعلیمات کے لیے علماء متحد ہو جائیں اور جب علماء متحد ہوں گے تو انشاء اللہ امن بھی آئے گا۔مولانا عبد الحق مجاہد نے کہا کہ بین المذاہب و بین المسالک مکالمہ کے ساتھ ساتھ علماء کا آپس میں مکالمہ بھی ضروری ہے ، ہمیں نفرتوں کو ختم کر کے محبتوں کو پروان چڑھانا ہے اور مشترکات پر ایک دوسرے کی مدد کرنی ہے ۔

متعلقہ عنوان :