گورنرخیبرپختونخوا نے کراچی میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والی 26 کمسن اور معصوم بچیوں کی برآمدگی کانوٹس لے لیا

بدھ 26 نومبر 2014 16:33

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) خیبرپختونخواکے گورنرسردار مہتاب احمدخان نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں باجوڑ سے تعلق رکھنے والی 26 کمسن اور معصوم بچیوں کی برآمدگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور بچیوں کی گھروں کو بحفاظت واپسی اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ،انہوں نے فاٹا حکام کو بھی معاملے کی اعلی سطحی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں میں انتظامیہ سے واقعے کی فوری تحقیقات کے بعدرپورٹ طلب کرلی ہے۔

گورنرنے بدھ کے روز میڈیاپر لیاقت آباد کراچی کے ایک مکان پر باجوڑسے تعلق رکھنے والی 26 کمسن اور معصوم بچیوں کی برآمدگی کے حوالے سے نشر ہونیوالی خبرکا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہاہے کہ باجوڑ کی یہ معصوم بچیاں میری اپنی بیٹیاں ہیں اور انہیں کسی غیرفرد یا ادارے کے حوالے نہ کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان بچیوں کو ان کے والدین کے حوالے کرنے تک بحفاظت اورآرام سے رکھاجائے اور ان کا ہرطرح سے خیال رکھاجائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان بچیوں کی وہاں موجودگی کی تحقیقات کی جائیں اوریہ پتہ چلاجائے کہ یہ بچیاں کس طرح کراچی پہنچیں اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ ضرورت پڑی تو بچیوں کی بحفاظت واپسی کیلئے فاٹا حکام کی ایک ٹیم کراچی بھجوائی جائیگی۔ جبکہ گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان نے باجوڑ ایجنسی سے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں بچیوں کی بحفاظت واپسی سے متعلق ضروری ہدایات دیں۔

متعلقہ عنوان :