وزیر داخلہ کی ہدایت پر ریڈ زون اور دیگر شاہراہوں پر انتظامیہ کے رکھوائے گئے غیر ضروری کنٹینر ہٹا دئیے گئے ‘ 29 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسہ سے ایک روز قبل تمام کنٹینرز دوبارہ رکھے جائیں گے

بدھ 26 نومبر 2014 16:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر ریڈ زون اور دیگر شاہراہوں پر اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے رکھے گئے غیر ضروری کنٹینر ہٹا دئیے گئے ‘ 29 نومبر کو تحریک انصاف کے جلسہ سے ایک روز قبل تمام کنٹینرز دوبارہ رکھے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز ریڈ زون جانے والے مختلف راستوں کوکنٹینر لگا کر بند کر دیا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں سرکاری ملازمین اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا جب لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو گزشتہ رات یہ اطلاع دی گئی کہ اسلام آباد انتظامیہ نے بعض جگہوں پر غیر ضروری کنٹینر رکھے ہیں جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے یہ کنٹینر ہٹانے کی ہدایت کی جس پر بدھ کو عمل کرتے ہوئے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ایف 6 سپر مارکیٹ ‘ مارگلہ روڈ ‘ ناد را چوک ‘ اسلام آباد کلب روڈ ‘ کنونشن سنٹر ‘ سرینا چوک اور دیگر جگہوں پر رکھے گئے کنٹینر ہٹا دئیے ہیں جس سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

سرکاری ملازمین او رشہریوں نے وزیر داخلہ کی طرف سے اسلام آباد انتظامیہ کی پھرتیوں کا نوٹس لینے پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسے کی وجہ سے شہریوں کی آمدورفت میں کوئی غیر ضروری رکاوٹیں نہیں ڈالی جائیں گی۔