آڈیٹر جنرل کی برطرفی کیلئے دائر کردہ ریفرنس کا جائزہ لینے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل ہوگا

بدھ 26 نومبر 2014 16:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان بلند اختر رانا کی برطرفی کیلئے حکومت کے دائر کردہ ریفرنس کا جائزہ لینے کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس کل جمعرات کوہوگا، آڈیٹر جنرل نے جوڈیشل کونسل میں جواب جمع کروادیا، غیر قانونی و غیر آئینی اور خلاف ضابطہ کام کرنے کی تردید آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں،بلند اختر راناجوڈیشل کونسل کے اجلاس میں پیش ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان بلند اختر رانا کے خلاف بھجوائے جانے والے ریفرنس کی سماعت کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم اجلاس کل جمعرات کو ہو گا جس میںآ ڈیٹر جنرل آف پاکستان بلند اختر رانا کو بلایا کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آڈیٹر جنرل نے سپریم جوڈیشل کونسل میں جمع کرائے جانے والے جواب میں اپنے اوپر لگائے جانے والے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے اور عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کو بھجوائے جانے والے ریفرنس کو مسترد کر دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق اپنے جواب میں انہوں نے بتایا کہ بطور آڈیٹر جنرل کوئی بھی غیر قانونی اور خلاف ضابطہ کام نہیں کیا، آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اپنے جواب میں انہوں نے بتایا کہ خلاف ضابطہ اپنی تنخواہ بھی نہیں بڑھائی ، اس لئے ریفرنس میں لگائے جانے والے الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کونسل سے استدعا کی کہ ریفرنس کو کالعدم قرار دیا جائے۔ کونسل کا اجلاس کل جمعرات کو ہو گا، جس میں ریفرنس اور جواب کا جائزہ لیا جائے گا۔