سیلاب سے متاثر ہونیوالے سرگودھا جھنگ ریلوے ٹریک کی بحالی پر اڑھائی کروڑ سے زائد خرچ ہونے پر جی ایم پاکستان ریلوے جاوید انور نے ڈی ایس ریلوے ملتان سے رپورٹ طلب کرلی

بدھ 26 نومبر 2014 15:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر 2014ء) سیلاب سے متاثر ہونیوالے سرگودھا جھنگ ریلوے ٹریک کی بحالی پر اڑھائی کروڑ سے زائد خرچ ہونے پر جی ایم پاکستان ریلوے جاوید انور نے ڈی ایس ریلوے ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے ذرائع کے مطابق حالیہ سیلاب کے باعث سرگودھا جھنگ ریلوے ٹریک بری طرح متاثر ہوا تھا ایک ٹھیکیدار نے ریلوے ٹریک کی بحالی کیلئے 1 کروڑ 75 لاکھ کی رقم مانگی تھی لیکن ریلوے انتظامیہ نے یہ ٹریک اپنی مدد آپ کے تحت بحال کرنا شروع کردیا جس پر اب تک 2 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوچکے ہیں سالانہ انسپکشن کے دوران یہ بھی پتہ چلا ہے کہ اب تک ٹریک پر 25 فیصد کام مکمل ہوا ہے جس پر جنرل منیجر پاکستان ریلوے جاوید انور نے ٹھیکیدار سے تخمینہ لگانے کا پوچھا تو اس نے کہا کہ اگر اب بھی ریلوے انتظامیہ مجھے ٹریک کی بحالی کا ٹھیکہ دیتی ہے تو میں 1 کروڑ 35 لاکھ میں ٹریک کو ایک ماہ میں بحال کردونگا جس پر جی ایم ریلوے اور ٹیکنیکل انتظامیہ حیران رہ گئی اور انہوں نے فوری طور پر ڈی ایس ریلوے ملتان شاہ رخ خان سے اب تک ہونیوالے کام کی رپورٹ اور خطیر رقم کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔