سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی ایف آئی آر کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے چالان عدالت میں پیش کردیا گیا

بدھ 26 نومبر 2014 15:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی ایف آئی آر کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے چالان عدالت میں پیش کردیا گیا جس میں خرم نواز گنڈاپور سمیت 50افراد کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سانحہ ماڈل ٹاؤن کی پہلی ایف آئی آر پر تفتیش مکمل کرتے ہوئے محکمہ پراسیکیوشن نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 8صفحات پر مشتمل چالان پیش کیا جس میں واقعے کا ذمہ دار پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈاپور سمیت 50افراد کو ٹھہرایا گیا ہے۔

چالان میں کہا گیا ہے کہ خرام نواز گنڈاپور سمیت 7ایسے افراد ہیں جو تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔واضح رہے کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں 17جون کو عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر سے بیرئیر ہٹانے کے معاملے پر پولیس کی فائرنگ کے نتیجے میں 14افراد جاں بحق جبکہ 80سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔