سکوک بانڈز میں لوگوں کی دلچسپی کہیں زیادہ ہوگی،اسحاق ڈار

بدھ 26 نومبر 2014 14:41

لندن(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے یقین ظاہر کیا ہے کہ سکوک بانڈز میں لوگوں کی دلچسپی یورو بانڈز سے کہیں زیادہ ہوگی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے بھجوائے جانے والی ترسیلات زر سے ہمیں اس سال کے آخر تک پندرہ ارب ڈالر کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ وہ لندن میں سرکردہ سرمایہ کاروں ، بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اجلاسوں سے خطاب کررہے تھے جن میں سکوک بانڈ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے شرکاء کو معیشت کے اہم اشاریوں سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ان سے پاکستانی معیشت میں بہتری ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

دونوں دھرنوں کے منفی اثرات کو کم کرنے میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے بھجوائے جانے والی ترسیلات زر سے ہمیں اس سال کے آخر تک پندرہ ارب ڈالر کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے سکوک بانڈز میں سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی سکوک بانڈز پیش کرنے سے متعلق لندن میں منعقد کئے جانے والے روڈ شو میں بین الاقوامی سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر خزانہ اسحق ڈار سے ملاقات کی۔سرمایہ کاروں کو گزشتہ اپریل میں یورو بانڈز کے لئے منعقد کئے جانے والے روڈ شو سے اب تک پاکستان کی معاشی ترقی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے یورو بانڈ کے اجراء کے بعد اقتصادی اشاریوں میں بہتری کے رحجان پر روشنی ڈالی۔انہوں نے جاری معاشی خوشحالی کے لائحہ عمل اور معیشت ، توانائی ، انتہا پسندی ، تعلیم اور صحت سے متعلق درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے حکومتی کوششوں کو اجاگر کیا۔