متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بابر غوری نے سندھ حکومت کی شکایت پر مبنی خط وزیراعظم کو لکھ دیا

بدھ 26 نومبر 2014 13:56

کراچی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر بابر غوری نے سندھ حکومت کی شکایت پر مبنی خط وزیراعظم کو لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت افسرشاہی، بدعنوانی اور اقرباپروری میں ملوث ہے اور یہ اس کی شناخت بن چکی ہے۔میڈیا ر پورٹ کے مطابق بابرغوری کی جانب سے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ بد انتظامی سندھ حکومت کی شناخت بن چکی ہے جبکہ سندھ کے عوام کے حقوق مسلسل پامال کئے جارہے ہیں جس کے باعث سندھ کی شہری آبادی اپنے لئے علیحدہ انتظامی اکائی کا مطالبہ کرنے پر مجبور ہے۔

بابر غوری نے سندھ حکومت سے شکایت کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے صوبائی ملازمتوں میں قواعد وضوابط پرعمل نہیں ہورہا ہے، سندھ پبلک سروس کمیشن پیپلزپارٹی کیسفارشی امیدواروں کو ترجیح دیتا ہے جبکہ پبلک سروس کمیشن کے تمام 10 نمائندے پیپلزپارٹی کی حکومت کے قریب ہیں اور ادارے کے چیئرمین بھی پیپلز پارٹی کی قیادت کے قریبی رشتے دارہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر بابرغوری کے خط کے مطابق عام خیال ہے جوشخص بلاول ہاوٴس کی سفارش لیکرآئے اسے آسانی سے ملازمت دی جاتی ہے جبکہ ایم کیو ایم گزشتہ 3 دہائیوں سے شہری سندھ کی نمائندہ جماعت ہے تاہم خط شہری اور دیہی آبادی کے رہائشیوں کے بہترین مفاد میں لکھا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ پارٹی کے سربراہ الطاف حسین پرعوام وقتاً فوقتا اپنے اعتماد کا اظہار کرتے رہے ہیں اور پارٹی شہری سندھ کی نمائندہ جماعت بھی ہے۔