لاہور ہائیکورٹ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی دوبارہ جانچ پڑتال میں جواب داخل کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کو آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کیا جائے گا

بدھ 26 نومبر 2014 13:48

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہزادہ مظہر نے تحریک انصاف کے کارکن جاوید بدر کی طرف سے دائر ادرخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیاکہ الیکشن کمیشن نے اپنی جائزہ رپورٹ میں اعتراف کیا ہے کہ ریٹرننگ افسران اور نیب ، ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں پر مشتمل کمیٹی نے امیدوراوں کی سکروٹنی کا عمل درست طریقہ سے نہیں کیا جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کی طرف سے الزامات کے بعد دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات متنازع ہو چکے ہیں اور ٹیکس ڈیفالٹر اور چور اسمبلیوں میں پہنچ گئے ہیں،انہوں نے بتایا کہ دوہری شہریت کیس کی بنیاد پر الیکشن کمیشن کسی بھی وقت اراکین اسمبلی کی جانچ پڑتال کی جاسکتی ہے لہذا اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کی آرٹیکل باسٹھ اور تریسٹھ کی روشنی میں دوبارہ سکروٹنی کا حکم دیا جائے، ایڈووکیٹ وقار مشتاق طور نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو دو مرتبہ نوٹس جاری ہو چکے ہیں مگر الیکشن کمیشن جواب جمع نہیں کرارہا جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کوجواب داخل کرانے کا آخری موقع دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بائیس جنوری تک جواب داخل نہ کرایا گیا تو سیکرٹری الیکشن کمیشن کو طلب کیا جائے گا۔

(جاری ہے)