وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کبیر والا، میاں چنوں کے سیلاب زدگان میں 700 رضائیاں تقسیم کر دی گئیں

بدھ 26 نومبر 2014 13:37

خانیوال( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر خصوصی پیکیج کے تحت تحصیل کبیروالہ اور میاں چنو ں کے سیلاب زدہ علاقوں کی غریب خواتین اور بیوگان میں موسم سرما کیلئے 700رضائیاں تقسیم کردی گئیں۔ میاں چنوں میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی پیر اسلم بودلہ ‘ایم پی اے رانا بابر حسین‘ڈی سی او محمد عثمان معظم نے سیلاب سے متاثرہ خواتین میں 300رضائیاں تقسیم کیں اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی کامران خان اور اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں امجد سلیم سرگانہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

پیر اسلم بودلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کو ان کی مکمل بحالی تک تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ڈی سی او محمد عثمان معظم نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ میاں چنوں و کبیروالہ کی مستحق خواتین میں رضائیاں میرٹ پر تقسیم کی گئیں ہیں دریں اثناء تحصیل کبیروالہ کے 48موضع جات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے 400غریب گھرانوں کی خواتین میں چےئرمین ضلعی فلڈ کمیٹی /ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا ‘ایم پی اے سید حسین جہانیاں گردیزی ‘اے ڈی سی اشفاق احمد چوہدری نے رضائیاں تقسیم کیں اس موقع پر ایم پی اے نشاط احمد خان ڈاہا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کو ملکی وسائل میں شریک کرکے ان کا باوقار طریقہ سے معیار زندگی بلند کررہی ہے اور مصیبت کی گھڑی میں مسلم لیگ (ن )کی حکو مت نے مصیبت زدہ لوگوں کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

(جاری ہے)

ایم پی اے سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیلاب متاثرین کو اتنے بڑے پیمانے پر فصلات ‘گھروں کے نقصانات کے ازالہ اور روزگار سپورٹ پروگرام کے تحت بھاری معاوضے ادا کیے انہوں نے کہا کہ کچھ ناعاقبت اندیش لوگ پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے بنائی جانیوالی داخلی اور خارجی پالیسوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جن کے حربوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں ۔

اے ڈی سی اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مالی امداد کے پیکج کو ضلع خانیوال میں شفاف طریقہ سے حق داروں تک پہنچایا گیا ہے اور متاثرین سیلاب کی لسٹوں میں رہ جانیوالے جائز حق داروں کی نشاندہی اور سروے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے حکومتی ہدایت کے مطابق سیلاب سے متاثرہ کوئی بھی شخص امداد سے محروم نہیں رہے گا بعدازاں ممبران صوبائی اسمبلی ‘اے ڈی سی اور اسسٹنٹ کمشنر نے خواتین میں رضائیاں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :