لاہور ایئرپورٹ پر ایبولا وائرس سے متاثرہ علاقے سے آنیوالے 4مسافروں کو روک لیا گیا

بدھ 26 نومبر 2014 13:32

لاہور ایئرپورٹ پر ایبولا وائرس سے متاثرہ علاقے سے آنیوالے 4مسافروں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے ایبولا وائرس سے متاثرہ علاقے سے آنیوالے چارمسافروں کو روک کر محکمہ صحت کے حوالے کردیا ۔عالمی ادارہ صحت کا سات رکنی وفد بھی پاکستان کے دورے پر پہنچ گیا جو ایبولا وائرس کی روک تھام کے لئے ایس او پیزپر عملدرآمد کا جائز ہ لے گا۔بتایا گیا ہے کہ لندن سے لاہور آنے والی قومی ایئرلائن کی پروازپی کے 758 سے آنے والے نعیم، بشری، عمائمہ اور تہمیدہ نامی 4 مسافروں کو ایف آئی اے حکام نے ایئرپورٹ پر روک لیا، چاروں مسافر افریقی ملک سیرالیون میں ایبولا سے متاثرہ علاقے میں گزشتہ 10 برس سے مقیم تھے۔

ایف آئی اے نے چاروں مسافروں کو محکمہ صحت پنجاب کے حوالے کردیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق چاروں افراد کی سکریننگ کی جائے گی جسکے بعد انہیں کلیئرنس دیں گے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف عالمی ادارہ صحت کا سات رکنی وفد بھی پاکستان کے دورے پر پہنچ گیا ہے جس نے وزیر اعلیٰ کے مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت سے ملاقات کی ۔ بتایا گیا ہے کہ وفد ائیر پورٹ ‘ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک انجینئرنگ ہیلتھ ‘ سروسز ہسپتال اور دیگر اداروں کا بھی دوروں کے علاوہ صحت سے متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کرے گا۔

عالمی ادارہ صحت کا وفد ایبولا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری کئے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لے گا۔واضح رہے کہ افریقہ میں ایبولا کے باعث ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر کی طرح پاکستان کے بھی اس کے پھیلا ؤکو روکنے کے لئے ہوائی اڈوں پر ان ممالک سے آنے والے مسافروں کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔جبکہ دو روز قبل ایبولا وائرس کے مشتبہ مریض کی ہلاکت سے بھی خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :