امن اور خوشحالی کیلئے مربوط رابطے ناگزیر ہیں ‘ سارک رکن ممالک کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے معلومات کا تبادلہ کر نا چاہیے ‘وزیراعظم

بدھ 26 نومبر 2014 13:28

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء)وزیراعظم محمد نواز رشریف نے کہا ہے کہ امن اور خوشحالی کیلئے مربوط رابطے ناگزیر ہیں ‘ سارک رکن ممالک کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے معلومات کا تبادلہ کر نا چاہیے ‘ علاقائی ممالک کو اپنے لوگوں کی فلاح کیلئے اتفاق رائے قائم کر کے اختلافات کو دور کر ناچاہیے ‘سارک فورم رکن ممالک کے درمیان اعتماد سازی کے لئے اہم کر دار ادا کر سکتا ہے ‘امید خطے کو پرامن اور خوشحال بنانے کیلئے پرانی اور نئی جمہورتیں مل کر کام کریں گی ۔

کھٹمنڈو میں اٹھارویں سارک سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقائی ملکوں کو اپنے لوگوں کی فلاح کے لئے اتفاق رائے قائم کرنا چاہئے اور اختلافات کو دور کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ سارک فورم رکن ملکوں کے درمیان اعتماد سازی کے لئے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے پروگراموں میں بین المذاہب ہم آہنگی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے تمام ملکوں میں مضبوط جمہوریت ہے اور پاکستان امید کرتا ہے کہ خطے کو پرامن اور خوشحال بنانے کے لئے پرانی اور نئی جمہورتیں مل کر کام کریں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنی چاہئے تاکہ ان میں صلاحیتوں کو ابھارا جا سکے۔ نواز شریف نے کہا کہ دیہی ترقی ، زرعی وسائل بڑھانے ، وبائی امراض پر قابو پانے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دینے اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن ٹیکنالوجیز کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں نے سرحد پار سے معلومات کے تبادلے اور سیلاب کی پیشگی اطلاع دینے کے نظام کے سلسلے میں علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔نواز شریف نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے پاس توانائی کے وافر وسائل موجود ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء ، چین اور وسطی ایشیاء کو ملانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔

ویزوں کے آسان اجراء سے ان مقاصد کو حقیقت میں بدلنے میں بڑی مدد ملے گی۔موجودہ صورتحال میں کانفرنس کے موضوع کو انتہائی مناسب قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امن اور خوشحالی کے لئے مربوط رابطے ناگزیر ہیں اور تمام امور کے بارے میں باہمی سوچ کو فروغ دینے کے لئے ہماری مشترکہ خواہش کا آئینہ دار ہے۔ وزیراعظم نے رکن ملکوں پر زور دیا کہ وہ سائنس و ٹیکنالوجی ، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کریں تیل اور گیس کی فراہمی کے لئے گیس پائپ لائن پر بھرپور توجہ دینی ہو گی پاکستان معاشی کوریڈور کیلئے ایک مناسب پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے دہشت گردی کا ذکر کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سارک کے رکن ملکوں کو دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے معلومات کا تبادلہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ رکن ملکوں کو دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے معلومات کا تبادلہ اور تعاون کرنا چاہیے۔ نواز شریف نے کہا کہ وہ رکن ملکوں کے لئے محبت کا پیغام لائے ہیں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں انیسویں سارک سربراہ کانفرنس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ میں پاکستانی قوم کی جانب سے دوستی کا پیغام لایا ہوں'۔ وزیراعظم نے کہا کہ سارک ممالک میں مربوط روابط نہ ہونے کے باعث تجارتی حجم کم ہے، ہمیں ایک دوسرے کے تجربوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔وزیر اعظم نوازشریف نے نیپال کو سارک کی صدارت سنبھالنے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ بہترین انتظامات کرنیپرنیپالی حکومت اورعوام کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے حال ہی میں ویژن 2025 ء کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے خطے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا گیا ہے ، ہم معاشی ترقی پر کام کر رہے ہیں ، صحت ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں کام کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ سارک ممالک کے درمیان سیلاب کی وارننگ کا نظام قائم کیا جائے تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے محفوظ رہا جا سکے۔