پاکستان نے تعلقات کی بہتری کیلئے کئی بار بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا ، حنا ربانی کھر

مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ ہے ، مباحثے میں گفتگو پاکستان اپنی سرزمین پر بھارت مخالف سرگرمیاں بند کر ے ، منیش تیواری

بدھ 26 نومبر 2014 13:08

کھٹمنڈو( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء ) مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے سابق پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری کیلئے اس مسئلے کا حل ناگزیر ہے ۔ دوسری جانب بھارتی کانگریس کے رہنما منیش تیواری نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر بھارت مخالف سرگرمیاں بند کردے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں سارک سربراہان اجلاس کے اعشائیے پر انڈیا ٹوڈے گلوبل راؤنڈ ٹیبل ” کیا بھارت اور پاکستان دوست ہوسکتے ہیں “ کے عنوان سے اہتمام کیا گیا جس میں سابق پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر ، بی جے پی کے ترجمان ناہلین کوہلی اور کانگریس لیڈر منیش تیواری نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

حنا ربانی کھر نے موضوع پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو مسئلہ کشمیر کے حل کے اردگرد رکھا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کو فریب نہیں دے سکتے جب دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی امید ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر مسئلہ کشمیر حل ہوگیا ہوتا تو دونوں ممالک کے درمیان جنگیں ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر بار بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا لیکن بھارت پیچھے رہا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی نئی مرکزی حکومت نے بھی پاکستان کو مایوس کیا مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان ناہلین کوہلی اور کانگریس لیڈر منیش تیواری نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے اپنی سرزمین کو بھارت مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے بند کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بھارت بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری چاہتا ہے تاہم اس کے لئے ہمسائیہ ملک کو ماحول سازگار بنانا ہوگا