جعلی ڈگری پر نااہل پی پی 226 سے رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کی رکنیت بحال

بدھ 26 نومبر 2014 12:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 26نومبر 2014ء) سپریم کورٹ نے مبینہ طور پر جعلی ڈگری پر نااہل پی پی 226 سے رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کی رکنیت بحال کردی‘ الیکشن ٹربیونل نے جعلی ڈگری کی وجہ سے نااہل قرار دیا تھا‘ چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل کی سماعت کی۔ اس دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ٹربیونل نے انہیں سنے بغیر ہی ان کی نااہلیت کا فیصلہ کیا جبکہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی اور اب جبکہ وہ الیکشن جیت چکے ہیں تو مخالف امیدوار کی درخواست پر انہیں نااہل قرار دے دیا جس کی وجہ سے ان کی رکنیت ختم کردی گئی تھی الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت بحال کی جائے جس پر فاضل عدالت نے وکیل کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے پی پی 226 سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی حنیف جٹ کی نااہلیت ختم کرتے ہوئے ان کی رکنیت بحال کردی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کو بھی ہدایت کی ہے کہ ان کی رکنیت بحال کی جائے۔ بعدازاں کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی