قرض کی واپسی کے تنازعہ پر حبس بے جا میں رکھی گئی 26 لڑکیاں بازیاب

بدھ 26 نومبر 2014 11:41

قرض کی واپسی کے تنازعہ پر حبس بے جا میں رکھی گئی 26 لڑکیاں بازیاب

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر 2014ء) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں قرض کی واپسی کے معاملے پر مدرسے کی 26 کمسن بچیوں کی کفالت زبردستی سونپ دی ، پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر بچیوں کو بازیاب کرا لیا ، متحدہ کے رہنما رؤف صدیقی کا کہنا ہے الطاف حسین نے کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ لیاقت آباد پولیس نے اطلاع ملنے پر ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں مدرسے کی 26 بچیوں کو قرض کی رقم کی واپسی کے تنازعے پر رکھا گیا تھا ۔

گھر کے مالک کی اہلیہ کے مطابق محض 25 ہزار کی ادائیگی کرنا باقی تھی جس پر متعلقہ شخص نے بچیوں کی کفالت کی ذمہ داری اُن پر ڈال دی ۔ بچیوں کی عمریں آٹھ سے دس گیارہ سال کے درمیان ہیں جن کا تعلق باجوڑ سے بتایا جارہا ہے جس وقت چھاپہ مارا گیا ۔

(جاری ہے)

بچیاں سو رہی تھیں ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق لین دین کے معاملے پر یہ گھناؤنی حرکت کی ۔

میڈیا پر خبرنشر ہونے کے بعد متحدہ کے رہنما رؤف صدیقی اور دیگر رہنما وہاں پہنچ گئے ۔ انہوں نے کہا اس معاملے کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ گورنر سندھ سے رابطہ کیا گیا ہے ، ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ الطاف حسین نے بچیوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ رئوف صدیقی کا کہنا تھا میڈیا کی بروقت نشاندہی سے معاملہ منظرعام پر آگیا اوراب بچیوں کے والدین سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے ۔