سارک ممالک کے سربراہان کا خطے میں امن و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے پر زور

بدھ 26 نومبر 2014 11:07

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26نومبر 2014ء)نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں سارک سربراہ کانفرنس کا آغاز ہوگیا ، سارک ممالک کے سربراہان نے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے ملکر کام کرنے پر زور دیا ہے۔ نیپالی وزیر اعظم سشیل کوئرالہ نے شمع روشن کر کے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا ۔ مالدیپ کے صدر نے اٹھارہویں سارک کانفرنس کی صدارت نیپالی وزیراعظم کو سونپی ۔

(جاری ہے)

سارک کانفرنس کے آغاز پر سشیل کوئرالہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا خطے کو دہشت گردی اور ماحول کی تبدیلی کا سامنا ہے، رکن ممالک کے درمیان روابط بڑھا کر غربت اور جہالت کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا ۔ سری لنکا کے صدر مہندا راجہ پاکسے نے سارک سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رکن ممالک کو ریلوے اور سڑکوں کے ذریعے تعلقات مضبوط کرنے پر زور دیا ۔

انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کو معیشت کو ترجیح دے کر امیر اورغریب کے فرق کو ختم کرنا ہوگا ۔ افغان صدر اشرف غنی نے امن اور خوشحالی کے لیے مضبوط روابط کو ناگزیر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا افغانستان کو دہشت گردی کاسامنا ہے جس کے لیے تمام ممالک کو مل کرکام کرنا ہوگا ۔ افغان صدر نے کہا کہ ریاست کا غیر ریاستی عناصر کوپناہ دینا خطرناک ہے۔