قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی وزیرداخلہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ،

وفاقی حکومت جو پالیسی گائیڈ لائن دے گی پنجاب حکومت اس پر پوری طرح عملدرآمد کرے گی،حکومت پنجاب کی یقین دہانی، عوام کے جان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے،پولیس جانفشانی اور محنت سے فرائض سرانجام دے،شہبازشریف ، قانون سب کے لئے برابر ہے، قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،وزیراعلیٰ کی ہدایت

منگل 25 نومبر 2014 23:40

قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،وزیراعلیٰ پنجاب اوروفاقی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیر صدارت یہاں ملک خصوصاً پنجاب میں امن وامان اور سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا -وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف ،صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ ، بلال یاسین ،ایم پی اے رانا ثناء الله خان، چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس اور سیکرٹری داخلہ نے اجلاس میں شرکت کی-سیکرٹری داخلہ پنجاب نے امن وامان اور سکیورٹی کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-اجلاس میں اگرچہ اس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ وفاقی اور پنجاب کی سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن اور انڈر سٹینڈنگ ہے تاہم ملک کی موجودہ سکیورٹی کی صورتحال کے تناظر میں اس میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے-اجلاس کے دوران اس ضمن میں مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ان کی نشاندہی کی گئی-اجلاس میں 30نومبر کو تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے بھی امور زیر غور آئے-حکومت پنجاب نے وفاقی حکومت کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جو پالیسی گائیڈ لائن وفاقی حکومت دے گی پنجاب حکومت اس پر پوری طرح عملدرآمد کرے گی-اجلاس کے دوران مشترکہ طو رپر فیصلہ کیا گیا کہ قانون کی کسی بھی خلاف ورزی پر سختی سے نمٹا جائے گا،وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کے جان ومال کاتحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے -پولیس عوام کے جان ومال اور عزت وآبرو کے تحفظ کے لئے جانفشانی اور محنت سے فرائض سر انجام دے -انہوں نے کہا کہ امن عامہ کے قیام کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں، کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ،قانون سب کے لئے برابر ہے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے -شر پسند عناصر پر کڑی نظری رکھی جائے - اہم مقامات کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے -جرائم کے خاتمے اور تفتیش کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔