دہشت گردی کے مقابلے میں حادثات میں ہونے والی ہلاکتیں تین گنا ذیادہ ہیں،مناسب توجہ نہیں دی جا رہی،

انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ذوالفقار چیمہ کاسمینار سے خطاب

منگل 25 نومبر 2014 23:37

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مقابلے میں حادثات میں ہونے والی ہلاکتیں تین گنا ذیادہ ہیں مگرمناسب توجہ نہیں دی جا رہی۔ وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ امور طلبہ اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے زیر اہتمام فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ ٹریفک قوانین سے آگاہی پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز شاہد محمود گل، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور طلباء و طالبات کی بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ اگر کسی قوم کے بارے میں جاننا ہو تو اس قوم کی ٹریفک دیکھی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنا، سیٹ بیلٹ نہ باندھنا ، ہیلمٹ نہ پہننااور لین سسٹم کی پابندی نہ کرنے کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پر قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جاتا ہے اور موٹر وے پولیس واحد ادارہ ہے جو کرپشن سے پاک ہے۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی تقدیر کے فیصلے اب لائبریریوں اور لیبارٹریوں میں ہوتے ہیں۔

جاپان اور جرمنی نے جنگِ عظیم دوئم کے بعد ہمت نہیں ہاری اور آج وہ دنیا کی طاقتورقومیں ہیں۔ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے معدنی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے اور ہمارے نوجوان صلاحیت سے بھرپور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا دشمن کرپشن کا نظام ہے جس نے ادارے برباد کئے طلباء و طالبات دل میں اس کے خلاف نفرت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس کمتری سے نکل کر بحرانوں کا مقابلہ کرنا چاہئیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مجاہد کامران نے طلباء کو نصیحت کی کہ ہماری صلاحیتوں کا ہمیں اندازہ نہیں مگر ہمارے دشمن اس سے بخوبی آگاہ ہیں طلباء اپنے مضمون میں حاوی ہوں اور توجہ دیں تو امریکہ برطانیہ اور جرمنی کے طلباء کے برابر آ سکتے ہیں۔ بعد ازاں ٹریفک قوانین سے متعلق سوالات کے صحیح جوابات دینے پر طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :