Live Updates

30نومبر کو پی ٹی آئی کے کارکنان تمام رکاوٹیں توڑکر اسلام آباد پہنچیں گے،اعظم سواتی،

حکومت کے ڈبوں کو تنکوں کی طرح بہا کر لے جائیں گے ،صوبائی صدر پی ٹی آئی

منگل 25 نومبر 2014 23:23

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی نے کہا ہے کہ تیس نومبر کو تحریک انصاف کے غیور کارکنان تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے ۔حکومت کی جانب سے لگائے گئے ڈبوں کو تنکوں کی طرح بہا کر لے جائیں گے ،حکومت جنگ چاہتی ہے تو جنگ کرینگے لیکن کسی صورت اپنے جمہوری و آئینی حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نشتر ہال پشاور میں ڈسٹرکٹ پشاور کے ضلعی کنونشن اور دلہ ذاک روڈ پر حلقہ پی کے 1و این اے ون کے ورکرز کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نشتر ہال کنونشن میں تحریک انصاف کے صوبائی صدراعظم سواتی، جنرل سیکرٹری خالد مسعود ،ضلعی صدر ایم پی اے یاسین خلیل،جنرل سیکرٹری یونس ظہیر مہمند،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ عارف یوسف،مشیر وزیر اعلیٰ فضل الہیٰ،انجینئر حامد الحق،ایم پی اے زرین ریاض،مکرم آفریدی جبکہ دلہ ذاک روڈ کنونشن میں صوبائی صدراعظم سواتی اور جنرل سیکرٹری خالد مسعود کے علاوہ صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی،مشیر وزیر اعلیٰ اشتیاق ارمڑ،ایم پی ایز فضل الہی،زرین ریاض ،جہانزیب خان سمیت متعدد رہنماؤں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

دونوں کنونشنز میں خواتین،آئی ایس ایف اور یوتھ کے کارکنان نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کنونشنز سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی نے کہا کہ تیس نومبر کو حکومت چاہے جتنی رکاوٹیں کھڑی کر لے خیبر پختونخوا سے بڑی تعداد میں کارکنان تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے ۔کوئی طاقت ہمیں اپنے جمہوری و آئینی حق کے حصول سے نہیں روک سکتی ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے گرفتاریوں کی کوشش کی تو جیلیں کم پڑجائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ اپنے لئے ،اقتدار کیلئے یا ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ پاکستان میں حقیقی جمہوریت ،آئین و قانون کی بالادستی اور عوام کے حقوق کی جنگ ہے ۔انھوں نے کہا کہ اصلی جمہوریت کے قیام کیلئے میں سب سے پہلے قربانی دونگا۔ان کا کہنا تھا کہ آج ضلع پشاور کے کارکنان کا جوش و جذبہ دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ تیس نومبر کو نواز شریف کی جعلی حکومت کا بوریا بستر گول ہو کر رہیگا۔

انھوں نے کہا کہ تیس نومبر کو جنوبی پختونخوا کے لوگ فتح جنگ پل،ہزارہ کے لوگ موٹر وے جبکہ پشاور اور دیگر اضلاع کے لوگ پشاور موٹر وے انٹر چینج سے قافلوں کی شکل میں اسلام آباد روانہ ہونگے۔اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعظم سواتی نے گو نواز گو کے نعرے بھی لگوائے جس کا کارکنان نے بھرپور جوش وجذبے سے جواب دیا۔کنونشن میں ہائے ڈیزل ہائے کے نعرے بھی لگے۔کنونشنز سے تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالد مسعود،ضلعی صدر یاسین خلیل،جنرل سیکرٹری یونس ظہیر مہمند،صوبائی وزیر معدنیات ضیاء اللہ آفریدی،مشیر وزیر اعلیٰ اشتیاق ارمڑ،معاون خصوصی عارف یوسف،مشیر فضل الہیٰ،ایم پی اے زرین ریاض سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات