کوئٹہ،ایم ایس بولان میڈیکل کمپلیکس مسعود نوشیروانی سے ہسپتال میں وظیفہ تاخیر سے ملنے پر کام روک دینے والے ہاؤس جاب آفیسرز کے وفد کی ملاقات

منگل 25 نومبر 2014 23:17

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بولان میڈیکل کمپلیکس مسعود نوشیروانی سے ہسپتال میں وظیفہ تاخیر سے ملنے پر کام روک دینے والے ہاؤس جاب آفیسرز کے وفد نے گزشتہ روزملاقات کی اور وظیفہ نہ ملنے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس پر ایم ایس بی ایم سی ہسپتال نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ حکام کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد منگل کے روز پیسے ٹرانسفر کردیئے جائیں گے اورماہ ستمبر اکتوبرکا بل اے جی آفس میں جمع کردیاگیاہے جس کے کلیئرہونے کے بعد اس کی ادائیگی بھی جلد ہوجائے گی،گزشتہ روز ایم ایس بی ایم سی ہسپتال کی جانب سے یقین دہانی کے عین مطابق ہاؤس آفیسرز کاتین ماہ کا وظیفہ بینکوں میں ان کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کردیاگیا مگر اس کے باوجود ہاؤس آفیسرز نے اپنا کام شروع نہیں کیا ایم ایس مسعود نوشیروانی نے کہاکہ مسئلہ حل ہونے کے باوجود ہاؤس آفیسرز کا کام پر نہ آنا افسوسناک ہے ان کے اس روئیے کی وجہ سے دور دور سے آئے ہوئے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرض منصبی کو ادا کریں اور انسانیت کی خدمت کو اپنا حقیقی شعار سمجھیں۔