خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کا ترقیاتی فنڈز میں نظرانداز کرنے کے خلاف عدالت سے رجو ع کرنے کا فیصلہ

منگل 25 نومبر 2014 23:17

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) خیبرپختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے ترقیاتی فنڈز میں انکے حلقوں کو نظرانداز کرنے کے خلاف عدالت سے رجو ع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے کے پانچ سینئر ترین قانون دانوں پر مشتمل ایک پینل کی خدمات حاصل کرلی ہے اور بہت جلد عدالت سے رجوع کیاجائیگا۔ ان خیالات کااظہار اپوزیشن ارکان کی جانب سے خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے اسمبلی کے احاطہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

خاتون رکن اسمبلی نے کہاکہ اس صوبے میں عوام کو انصاف فراہم کرنے کے نام پر قائم ہونیوالی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عوام کو انصاف کی بجائے زیادتی کی ہے اور ترقیاتی فنڈز میں صوبائی حکومت نے صرف اپنے اراکین اسمبلی کونوازا ہے جبکہ اپوزیشن کے اراکین کو ترقیاتی فنڈز میں مکمل طورپر نظرانداز کردیاگیاہے جسکی وجہ سے اپوزیشن اراکین کے حلقوں میں کسی قسم کا ترقیاتی کام شروع نہیں کیاگیاجوکہ ناانصافی ہے ۔

(جاری ہے)

تمام اراکین اسمبلی کو یکساں ترقیاتی فنڈز فراہم کرنا انصاف کہلاتاہے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت نے انصاف کی دھجیاں اڑا لی ہے جسکی وجہ سے اپوزیشن ارکان نے اپنے حلقوں کو ترقیاتی فنڈز میں نظرانداز کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے فیصلہ کیاہے اور اس سلسلے میں سینئر قانون دان لطیف آفریدی ایڈوکیٹ سمیت دیگر سینئر وکلاء ساجد آفریدی ، انور آفریدی ، کامران قیصر پرمشتمل ایک قانونی پینل تشکیل دیاگیا ہے جو بہت جلد اپوزیشن ارکان کونظرانداز کرنے کے حوالے سے عدالت میں درخواست دائر کریگا۔