کسی بھی حکومت کی کامیابی کا پیمانہ اونچی عمارات اورسڑکیں وپل نہیں بلکہ کرپشن سے پاک شفاف نظام ہوتا ہے،پرویز خٹک،

عوامی خدمت کے محکموں اور اداروں میں اصلاحات و قانون سازی کے مراحل مکمل کرنے کے بعد انہیں شفاف انداز میں چلانے نیز میرٹ، قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات شروع کئے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے

منگل 25 نومبر 2014 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی کا پیمانہ اونچی عمارات اورسڑکیں وپل نہیں بلکہ کرپشن سے پاک شفاف نظام ہوتا ہے مگر بد قسمتی سے ماضی میں حکومت اور وزارت کا بنیادی مقصد یہ سمجھ لیا گیا تھا کہ جو جتنی زیادہ کرپشن کرے اور عوام کو زبانی جمع خرچ پر ٹرخائے اتنا ہی وہ کامیاب سیاست دان اور حکمران ہے تاہم پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے برسر اقتدار آنے کے بعد سٹیٹس کو اورعوام وغریب کشی پر مبنی نظام کی تبدیلی پر کام شروع کیا اور الله تعالیٰ کے فضل سے آج ہم نے ایک سال کی جدوجہد کے بعد اس ضمن میں کافی پیشرفت حاصل کی ہے اور عوامی خدمت کے محکموں اور اداروں میں اصلاحات و قانون سازی کے مراحل مکمل کرنے کے بعد انہیں شفاف انداز میں چلانے نیز میرٹ، قانون اور انصاف کی بالادستی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات شروع کئے ہیں جسکے حوصلہ افزا نتائج سامنے آنا شروع ہوئے ہیں پولیس کو آزاد و خود مختار ادارہ بناکر صوبے میں امن و امان اور جرائم کے سدباب کا نیا دور شروع ہوا ہے اب ہر اگلے روز اور چند گھنٹوں بعد دھماکوں اور سنگین جرائم کا گراف گرنے لگا ہے جبکہ اکا دکا دہشتگردی یا جرائم کا واقعہ رونما ہونے پر فوری انکے پس پشت عناصر اور وجوہات تک پہنچنا اور ان پر کنٹرول کافی حد تک آسان بن گیا ہے ہمارے سینکڑوں اصلاحات میں ایک محکمہ تعلیم میں مانیٹرنگ کا اجراء ہے جسکی بدولت صوبے بھر کے سکولوں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضری بہتر بنی جبکہ تعلیم ہی ہمارے درخشاں مستقبل کی کنجی بن سکتی ہے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہمارا اگلا ہدف صوبے میں دم توڑتی صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کا احیاء اورمختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے زیادہ سے زیادہ کشش پیدا کرنا ہے جسکی بدولت قومی خوشحالی کے علاوہ ہمارے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے بیش بہا مواقع بھی ملیں گے وہ پاکستان میں متعین ترکی کے سفیرایس بابرگرگین سے باتیں کررہے تھے جس نے ترک وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الاقوامی امداد کامل کولاباش اور ترک ترقیاتی ادارہ کے کنٹری ڈائریکٹر گرے ٹیزل کے ہمراہ ان سے سی ایم ہاؤس پشاور میں ملاقات کی اور توانائی، ہاؤسنگ ،سالڈویسٹ مینجمنٹ اینڈمیونسپل سروسز،سکل ڈویلپمنٹ اورسیاحت سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیااس موقع پر پشاور میں ترکی کے اعزازی قونصل جنرل سلیم سیف اللہ خان،ڈپٹی چیف مشن ملک ریاض ایڈوکیٹ، سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین محسن عزیز ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات سید ظفر علی شاہ، وزیر اعلیٰ کے سپیشل سیکرٹری و سیکرٹری اطلاعات و تعلقات عامہ محمد اسرار خان اوردیگرمتعلقہ حکام بھی موجودتھے ترک سفیرنے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور کرپشن کی بیخ کنی کرکے محکموں کو شفاف اور عوامی خدمت کے تابع سے متعلق صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے ہی ساز گار ماحول میں بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتی و معاشی ترقی کا راستہ خود بخود ہموار ہو جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ترکی کے سرمایہ کار اور کاروباری لوگ یہاں مختلف منصوبے شروع کرنے کیلئے پر تول رہے ہیں انہوں نے شعبہ تعلیم میں تبدیلیوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ طبقاتی اور دوہرے نظام تعلیم کے خاتمے اور انگریزی زبان میں یکساں نصاب کا نفاذیہاں آئندہ 10 برسوں میں تعلیمی اور معاشی انقلاب کا پیشہ خیمہ ثابت ہو گاانہوں نے پرویز خٹک کو دورہ ترکی کی دعوت بھی دی جسکے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ترکی تب جائیں گے جب انہیں اپنے عوام کیلئے کچھ لانے کو نظر آئے گاوزیراعلیٰ نے ترک حکومت کے ذریعے وہاں کے سرمایہ کاروں کوخیبرپختونخوامیں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی طرف سے تمام ممکن سہولتیں اورتعاون کایقین دلایاانہوں نے کہاکہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری ہماری ترجیح نمبر ایک ہے جس میں نہ صرف صوبائی حکومت نے فراخدلانہ فنڈنگ کی ہے بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کا بھر پورخیر مقدم بھی کیا جائے گا اسی طرح پشاور شہر اورحیات آبادکے درمیان ماس ٹرانزٹ اور جدیدبس سروس کا پلان بھی بنایا گیا ہے تاکہ شہرکی خوبصورتی میں اضافہ ہو، ٹریفک کادباؤکم ہواورعوام کوآمدورفت کی سستی سہولیات میسرہوں انہوں نے کہاکہ ہم حیات آباد سے بھی چار گنا بڑے پشاور ماڈل ٹاؤن اور کرنل شیر خان موٹروے انٹر چینج کے قریب نئے شہربساناچاہتے ہیں جس میں ترکی سمیت تمام دوست ممالک اورسرمایہ کاروں کوسرمایہ کاری کی کھلی دعوت ہے وزیراعلیٰ نے توانائی اور فنی تعلیم میں تعاون کیلئے ترک حکومت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان تعلیم کے زیورسے آراستہ ہونے کے علاوہ مختلف فنون کے ہتھیاروں سے بھی لیس ہوں تاکہ اندرون اوربیرون ملک ان کی عزت اورمانگ میں اضافہ ہوکیونکہ ہنرمندکبھی بے روزگارنہیں ہوتے جبکہ ہماری خواہش ہے کہ ہمارے صوبے کاہرفرداورنوجوان ہنرمند،تعلیم یافتہ اورباصلاحیت بنے اسی طرح ہم صوبے کے وسیع معدنی ذخائر اور آبی وسائل کو توانائی اور صنعتی و معاشی ترقی کیلئے بروئے کار لانا چاہتے ہیں سیاحت کی ترقی کیلئے دیگر اقدامات کے علاوہ شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اور کشادگی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے مختلف شعبوں میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے سلسلے میں محسن عزیز کی سربراہی میں سرمایہ کاری بورڈ نے کافی پیشرفت حاصل کی ہے پرویز خٹک نے کہا کہ صوبے میں ڈویژنل سطح پر چھ نئے صنعتی زو ن بھی قائم کئے جارہے ہیں جن کیلئے پن بجلی اور گیس سے بجلی پیدا کرکے ارزاں نرخوں پر کارخانوں کو مہیا کی جائے گی کیونکہ یہ بھی حقیقت ہے کہ خیبرپختونخوا موجودہ حالات اور سیاسی و جغرافیائی محل وقوع کے تناظر میں صنعتوں کیلئے انتہائی ناموزوں خطہ بن گیا ہے اور یہاں صنعتوں کے قیام کیلئے کشش کا واحد ذریعہ سستی توانائی ہے اس موقع پر باہمی تعاون کے فروغ کیلئے مختلف محکموں کی طرف سے ترک سفارتی مشن اور سرمایہ کاروں کیلئے الگ الگ بریفینگ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔