چیف جسٹس کا سرگودھا کے ہسپتال میں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس،سیکرٹری صحت پنجاب کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم ،

کوٹ رادھا کشن بھٹے میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کے واقعہ پر آئی جی پنجاب اور سیکرٹری اقلیتی امور کی رپورٹ جمع، چیف جسٹس کا کیس عدالت میں لگانے اور ڈی پی او اور آر پی او کو نوٹس جاری کرنے کا حکم

منگل 25 نومبر 2014 22:42

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ناصر الملک نے سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ کوٹ رادھاکشن میں مسیحی جوڑے کو اینٹوں کے بھٹے میں ڈال کر زندہ جلانے کے واقعہ پر متعلقہ آرپی او اور ڈی پی او کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس عدالت میں لگانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق سپریم کورٹ نے سرگودھا کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران درجنوں بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب کو 48 گھنٹوں میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سرگودھا کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ناقص طبی سہولیات اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 26 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، ادھرڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں سہولیات کے فقدان کے باعث ایک اور بچہ دم توڑ گیا ہے جس کے بعد اب تک جاں بحق ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

سرگودھا کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ناقص طبی سہولیات کے باعث ایک اور بچہ دم توڑ گیا جب کہ 2 بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال میں داخل بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کی مسلسل ہلاکت کے باوجود پنجاب حکومت اور اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مناسب سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سرگودھا کے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ناقص سہولیات اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث 26 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں لیکن اس کے باوجود انتظامیہ نے مریضوں کے لئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے ہیں۔

دوسری جانب چیف جسٹس نے کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے واقعہ پرآئی جی پولیس پنجاب اور سیکرٹری وزارت اقلیتی امو رکی طرف سے رپورٹس جمع کر ادی گئی ہیں جس کے بعد چیف جسٹس نے اس معاملہ کو عدالت میں لگانے اور متعلقہ آر پی او اور ڈی پی او کو نوٹس جاری کرنے کاحکم دیدیا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :