مسافروں کیلئے انشورنس پالیسی کا معاہدہ آئندہ ماہ ہوجائیگا،جنرل مینجر پاکستان ریلوے،

مین لائنوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی سکوارڈ تشکیل دیدیئے گئے ہیں، بند کی جانیوالی تمام مسافر ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جارہا ہے، ریلوے انجنوں کی کمی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی ہے ، ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش اور گاڑیوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے، جاوید انور

منگل 25 نومبر 2014 22:39

سرگودھا (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) مین لائنوں کی سکیورٹی کیلئے خصوصی سکوارڈ تشکیل دیدیئے گئے ہیں مسافروں کیلئے انشورنس پالیسی کا معاہدہ آئندہ ماہ ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

بند کی جانیوالی تمام مسافر ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جارہا ہے ریلوے انجنوں کی کمی کو دور کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی ہے جس کے باعث ملک کے طول و عرض پر ٹرینوں کی آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش اور گاڑیوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے جیسے ہی ریلوے کو انجنوں کی فراہمی ہوتی رہے گی نفع مند اور عوامی گاڑیوں کو بحال کردیا جائیگا ان خیالات کا اظہار جنرل مینجر پاکستان ریلوے جاوید انور نے دورہ سرگودھا کے موقع پر آن لائن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مسافروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حکومت نے انشورنس پالیسی متعارف کرائی ہے جس کا معاہدہ آئندہ ماہ ہوجائیگا مین لائنوں پر سکیورٹی کیلئے خصوصی سکوارڈ تیار کئے گئے ہیں پنجاب سے جانیوالی اور آنیوالی گاڑیوں سے قبل پولیس اور مختلف ایجنسیوں کی معاونت سے ٹریک کی چیکنگ کو یقینی بنایا جارہا ہے بم ڈسپوزل سکوارڈ کو بھی ریلوے ٹریک کی چیکنگ کرنے کا پابند بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض پر 285 گاڑیاں چلا کرتی تھیں جب ہم نے چارج سنبھالا اسوقت 96 مسافر گاڑیاں چل رہی تھیں اب الحمد للہ 116 گاڑیاں ملک کے طول و عرض پر رواں دواں ہیں جی ایم ریلوے جاوید انور نے ائک سوال کے جواب میں کہا کہ گڈز ٹرین کی بحالی کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ تاجروں کیلئے سستی اور بروقت اشیاء کی پہنچ کو یقینی بنایا جاسکے ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں کی تزئین و آرائش‘ پلیٹ فارموں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہمارا اولین فریضہ ہے ملک بھر میں چلنے والی گاڑیوں کو ٹائم ٹیبل پر چلانے کیلئے تمام ڈویژن کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں اب مسافر پاکستان ریلوے پر پہلے کی طرح یقین کرنے لگ گئے ہیں جی ایم پاکستان ریلوے جاوید انور نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے سرگودھا سے جھنگ ریلوے ٹریک کو عارضی طور پر بند کیا ہوا ہے تاہم گاڑیوں کو دیگر روٹ کے ذریعے روانہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتہ میں ریلوے ٹریک کو گاڑیوں کی آمدو رفت کیلئے کھول دیا جائیگا انہوں نے کہا کہ اب تک سیلاب سے متاثر ہونیوالے ریلوے ٹریک کا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ زمینی پانی کی وجہ سے ٹریک کی بحالی و مرمت میں مشکلات درپیش آرہی ہیں پاکستان ریلوے کے انجینئرز خود ریلوے ٹریک کو بحال کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں‘ سپر ایکسپریس کو بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اس ٹرین سے نہ صرف سرگودھا بلکہ منڈی بہاؤالدین‘ ملکوال‘ پھلروان‘ بھلوال‘ خوشاب اور دیگر اضلاع کے شہری مستفید ہوتے تھے اسے جلد بحال کرنے کیلئے شیڈول میں رکھا گیا ہے ایک سوال کے جواب میں جی ایم ریلوے نے بتایا کہ ملت ایکسپریس کے کوٹہ کو بڑھانے کیساتھ ساتھ بوگی میں اضافے کی تجاویز بھی زیر غور ہیں اس موقع پر جی ایم ریلوے جاوید انور نے پلیٹ فارم‘ کارگو آفس‘ بکنگ آفس‘ اشیاء خور دونوش کے سٹالز‘ بیٹری روم‘ ٹکٹ گھر‘ واش روم اور دیگر جگہوں کا معائنہ کیا ان کے ہمراہ سی او پی ایس محمد حسین‘ سی سی ایم کنول خورشید‘ اے جی ایم ٹریفک مسعود خان‘ ڈی ایس راولپنڈی منور خان‘ ڈی ٹی او حامد فاروق‘ سی سی او نصیر نیازی‘ ڈی ایس ای عادل خان‘ ڈی ای این عارف رحمن‘ ڈی ایم ای عبدالرحمن‘ ٹی ای او ملک افضل نعمان کے علاوہ اسٹیشن ماسٹر ریاض احمد ریاض اور دیگر عملہ بھی موجود تھے جاوید انور کی آمد کے باعث پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :