شری کٹاس راج میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے بھارت سے ،100

کے قریب ہندو یاتری شیو بجاج پرتاب کی قیادت میں واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے

منگل 25 نومبر 2014 22:25

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) شری کٹاس راج میں اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے بھارت سے 100کے قریب ہندو یاتری شیو بجاج پرتاب کی قیادت میں واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے، واہگہ بارڈر پر یاتریوں کا متروکہ وقف بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری خالد علی، ڈپٹی سیکرٹری اظہر نذیر اور سید فراز عباس نے پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا، اس موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وفد کے لیڈر شیوبجاج پرتاب نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، اس دھرتی پر آ کر ہمیں سکون ملتا ہے، میں 1982 سے مذہبی وفود لے کر پاکستان آ رہا ہوں، ہر مرتبہ جس طرح ہمیں پاکستان میں عزت افزائی کی جاتی ہے، اس کی مثال موجود نہیں اپنے مقدس مقامات کی دیکھ بھال جس طرح پاکستانی سرکار اور متروکہ وقف املاک بورڈ کررہا ہے، اس کی جنتی تعریف کی جائے کم ہے، یہی وجہ ہے کہ پہلا وفد جو میرے ساتھ آیا تھا اس کی تعداد20تھی آج میرے یاتریوں کی تعداد سینکڑوں تک جا پہنچی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ اور مذہبی وفود کا تبادلہ دونوں ملکوں کے درمیان حائل خلیج کو کم کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ میرے وفد میں ہر مرتبہ بھارت کے تقریباً ہر شہر سے لوگ شامل ہوتے ہیں ہمیں پاکستان آکر نہ کوئی ڈر محسوس ہوتا ہے نہ کوئی خوف، اس موقعہ پر ایڈیشنل سیکرٹری خالد علی نے کہا کہ چیئرمین صدیق الفاروق کی ہدایت پر ہندو یاتریوں کے لئے سکیورٹی ، رہائش اور ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں، بعد ازاں واہگہ بارڈر پر یاتریوں کے دوپہر کے کھانے اور چائے کا خصوصی انتظام کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :