حکمران اپنی ڈوبتی کشتی کو ناکام سہارا دے رہے ہیں،رائے حسن نواز خان،

روائتی انتقامی ہتھکنڈے ہمیں اسلام آباد پہنچنے سے نہیں روک سکیں گے ہرکارکن اور عوام 30نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کریں،ممبر قومی اسمبلی

منگل 25 نومبر 2014 22:21

ساہیوال (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) حکمران اپنی ڈوبتی کشتی کو ناکام سہارا دے رہے ہیں روائتی انتقامی ہتھکنڈے ہمیں اسلام آباد پہنچنے سے نہیں روک سکیں گے ہرکارکن اور عوام 30نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کی کوشش کریں ان خیا لا ت کا اظہا ر ممبر قومی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف کے صدر ویسٹرن ریجن رائے حسن نواز خان نے صحا فیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی وحید اصغر ڈوگر ‘ جلال دین ڈھکو ‘ریجنل صدر پی ٹی آئی مسز رخسانہ رضا ‘ مسز رقیہ انصاری ‘ضلعی صدر پی ٹی آئی شکیل خان نیازی ‘ سیکرٹری اطلاعات نوید اسلم ،ضلعی صدر سیدرضوان مظفر شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے آخری انتقامی ہتھکنڈے کے طورپر پاکستان تحریک انصاف کے اہم عہدیداروں سرگرم کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن شرو ع کردیاہے اوران کے گھروں پر متعلقہ تھانوں کی پولیس چھاپے مارکر اہل خانہ کو ہراساں کررہی ہے۔

(جاری ہے)

کارکنوں کے گھروں پر حکم دیا جارہاہے کہ فوراً تھانے حاضر ہوں ورنہ نتائج بھگتنے کو تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ساہیوال سے ہزاروں کارکنوں اور شہریوں پر مشتمل قافلے ہرصورت میں 30نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے اس کیلئے انفرادی اور اجتماعی حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ہمارے قافلے اپنے راستے میں آنے والی ہررکاوٹ کوہٹا کر اسلام آباد پہنچیں گے حکمران اب آخری انتقامی ہتھکنڈوں پراتر آئے ہیں لیکن وہ اب اپنے انجام کو پہنچنے والے ہیں عوام عمران خان کی قیادت میں متحدہو چکی ہے اور 30نومبر کو انسانوں کا سمندر اسلام آباد میں نمو دار ہوگا انہوں نے کہاکہ کارکنوں اور عہدیداروں کو اسلام آباد پہنچنے کی حکمت عملی سے آگاہ کردیاگیاہے تحریک انصاف کے حامی شہری اپنے وسائل سے جوق در جوق اسلام آباد پہنچ کر پاکستان سے اپنی محبت اور عمران خان پرا پنے اعتماد کا ثبوت دیں انہوں نے ساہیوال کی انتظامیہ کو متنبہ کیاہے کہ وہ پکڑ دھکڑ اور انتقامی کارروائیوں میں حکمرانوں کے آلہ کار بننے سے گریز کریں۔