پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے مگر اس کے لئے ہمیں احساسِ کمتری اور کرپشن پر قابو پانا ہوگا،تعلیم سے ٹوٹا ہوا رشتہ پھر سے جوڑنا ہوگا۔انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈموٹروے پولیس

منگل 25 نومبر 2014 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) پنجاب یونیورسٹی کے فیصل آڈیٹوریم میں طلبا وطالبات کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈموٹروے پولیس ذولفقار احمد چیمہ نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے مگر اس کے لئے ہمیں احساسِ کمتری اور کرپشن پر قابو پانا ہوگا اور تعلیم سے ٹوٹا ہوا رشتہ پھر سے جوڑنا ہوگا۔

جب تک علم ہماری میراث رہا ہم عظمتوں کے آسمان پر جلوہ افروز رہے ہم نے کتاب سے ناطہ توڑ لیا تو ہم زوال کی گہرائیوں میں گر گئے۔ علامہ اقبال بھی مسلمانوں کو علم کے میدان میں آگے بڑھنے کی تلقین کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے سربراہ کا دامن صاف ہو اور ادارہ مصممّ ہو تو ہرمشکل ٹارگٹ بھی حاصل کیا جاسکتاہے ہر ادارہ ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذولفقار احمد چیمہ نے کہا پاکستان کے جتنے وسائل ہیں اور اللہ نے جتنی نعمتیں عطا ء کی ہیں انکی موجودگی میں ہمیں دنیا کے پہلے دس ترتی یافتہ ملکوں میں شامل ہونا چاہے تھا۔ اگر ایسا نہیں تو یہ ہماری نالائقی ہے اسکا ازالہ ہونا چاہے ۔ انہوں نے طلبا پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آج دنیا کی قیادت کے فیصلے لائبریریوں اور لیبارٹریوں میں ہوتے ہیں آپ تعلیم اور تحقیق پر زور لگا دیں جامعہ پنجاب سے پھر کوئی بو علی سینا، اقبال، محمد علی جناح  اور ڈاکٹر عبدالسلام پیدا ہونے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں احساسِ کمتری سے نکلنا ہوگا اور اپنے ملک اپنی اقدار اور اپنے کلچر پر فخر کریں۔ کرپشن نے ہمارے اداروں کو برباد کیا ہے کرپشن ہماری دشمن نمبر ایک ہے اِس کو اچھی طرح پہچان لیں اِس پر قابو پالیں تو ہر ادارہ ٹھیک ہو سکتا ہے۔ طلباو طالبات نے پرُجوش تالیوں سے مہمان پولیس آفیسر کا استقبال کیا۔ ذولفقار احمد چیمہ نے جذبہ حب الوطنی بیدار کرنے کیلئے کئی واقعات سنائے اور نوجوانوں سے کہا کہ وہ ملک کو اپنا گھر سمجھیں اور اسی طرح اسکی تعمیر میں حصہ لیں۔

اس سے پہلے آئی جی نے طلبا و طالبات سے وعدہ لیا کہ وہ آئندہ تیز رفتاری سے ڈرائیونگ نہیں کریں گے۔ ڈرائیونگ کے وقت سیٹ بیلٹ باندھیں گے اور ڈرائیو کرتے ہوئے موبائل فون استعمال نہیں کریں گے۔ انہوں نے سوالات کے صیحح جوابات دینے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔ جامعہ پنجاب کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے مہمان مقرر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذولفقار احمد چیمہ کی کتاب " دو ٹوک باتیں" ہر طالب علم کو پڑھنی چاہئے