وزیراعلیٰ ونٹر پیکج کے تحت سیلاب متاثرہ خاندانوں میں 21300لحاف تقسیم،

ٰ شہبازشریف متاثرین کی بحالی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں‘ صوبائی وزیرحمیدہ وحیدالدین اور دیگر وزراء کاتقریبات سے خطاب

منگل 25 نومبر 2014 21:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت کے تحت ونٹرپیکج کے تحت سیلاب متاثرہ اضلاع میں لحاف کی تقسیم شروع ہو گئی‘ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کی نگرانی میں سیلاب متاثرین میں اعلیٰ کوالٹی کے لحاف کی تقسیم کا عمل دوروز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ پراونشل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد جاوید قاضی نے خصوصی اجلاس کے دوران کہا کہ غریب سیلاب متاثرین میں لحاف تقسیم کے لئے سروے کیا گیا اور وزراء‘ ارکان اسمبلی اور اعلیٰ ارکان پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ صوبہ بھر کے 16 متاثرہ اضلاع میں شفاف اور منظم طریقے سے لحاف تقسیم کرنے کے لئے خصوصی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ سیلاب متاثرین میں دوسرے مرحلے میں 16 ارب روپے کی مالی امداد کی تقسیم بھی مکمل ہو چکی ہے۔ صوبہ بھر کے 16 سیلاب متاثرہ اضلاع میں21ہزار 300 غریب متاثرہ خاندانوں میں اعلیٰ کوالٹی کے لحاف تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ مزید لحاف دوسرے روز تقسیم ہوں گے۔

صوبائی وزیرحمیدہ وحیدالدین‘ آصف سعید منہیس‘ وحید ارائیں‘ ملک ندیم کامران اور ارکان اسمبلی نے لحاف تقسیم کرنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سیلاب متاثرین کی بحالی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور انہوں نے متاثرین کے ریسکیواور ریلیف آپریشن کی دن رات نگرانی کر کے خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ وزیرآباد‘ کامونکی میں ممبرصوبائی اسمبلی نوازچوہان اور فلڈریلیف کمشنرگوجرانوالہ کی زیرنگرانی سیلاب متاثرین میں 400 رضائیاں تقسیم کی گئیں۔

تحصیل حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں میں ارکان اسمبلی میاں شاہد حسین بھٹی اور ایم پی اے اسد اللہ ارائیں کی زیرنگرانی 3600 رضائیاں تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی کو بتایا گیا کہ خادم پنجاب امدادی پیکج کے دو مرحلوں میں 61 کروڑ روپے سے زائد کی مالی امداد بھی سیلاب زدگان کو فراہم کی جا چکی ہے۔ ضلع کونسل ہال گجرات میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی منشاء اللہ بٹ‘ ارکان اسمبلی نواب مظہرخان‘ حاجی عمران ظفر اور نواب حیدرمہدی کی زیرنگرانی 1200 رضائیاں سیلاب متاثرین میں تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر صوبائی معاون خصوصی منشاء اللہ بٹ نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع گجرات میں سیلاب متاثرین کو 11کروڑ 93 لاکھ روپے کی خطیررقم بطور امداد تقسیم کی جا چکی ہے۔ گورنمنٹ ہائی سکول سیالکوٹ میں ایم این اے ارمغان سبحانی نے سیلاب زدگان میں 900 رضائیاں تقسیم کیں۔ صوبائی وزیرترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے ضلع منڈی بہاؤالدین کے علاقہ سیداشریف میں سیلاب متاثرین میں 50 اعلیٰ قسم کے لحاف تقسیم کئے ۔

جبکہ نارووال میں ارکان اسمبلی نے 900 رضائیاں تقسیم کیں۔ خادم پنجاب امدادی پیکج کے تحت رکن قومی اسمبلی نگہت میر‘ ایم پی اے لال حسین اور ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) بوٹاجاوید نے ڈی سی او آفس جہلم میں ایک تقریب کے دوران 150 سیلاب متاثرین میں اعلیٰ قسم کے لحاف تقسیم کئے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی نذرمحمد گوندل نے پنڈدادن خان کے سیلاب متاثرین میں 450 لحاف تقسیم کئے۔

ضلع خوشاب جوہر آباد میں صوبائی وزیرملک محمد آصف بھا نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر خصوصی تقریب میں تحصیل خوشاب اور نورپور تھل کے سیلاب متاثرین کو 850 لحاف تقسیم کئے۔ فیصل سٹیڈیم مظفرگڑھ میں ڈی سی او شوکت علی نے علی پور جتوئی اور مظفرگڑھ کے سیلاب متاثرین میں اعلیٰ معیار کی 1000 رضائیاں تقسیم کیں۔ صوبائی وزیرزکوةٰ ملک ندیم کامران نے گورنمنٹ کالج برائے خواتین میں تحصیل جھنگ ‘اٹھارہ ہزاری‘ احمدپور سیال اور شورکوٹ کے غریب سیلاب متاثرین میں 4400 اعلیٰ قسم کی رضائیاں تقسیم کی گئیں۔

صوبائی وزیر آصف سعید منہیس نے ٹی ایم اے ہال چنیوٹ میں خصوصی تقریب کے دوران تحصیل چنیوٹ ‘ بھوانہ اور لالیاں کے سیلاب متاثرین میں 2400 سے زائد اعلیٰ کوالٹی کے لحاف تقسیم کئے۔ صوبائی وزیرچوہدری عبدالوحید ارائیں نے باغ لانگے خان‘ شیرشاہ اور سپورٹس کمپلیکس بحالی مراکز میں تقریب کے دوران سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 5000 سے زائد رضائیاں تقسیم کیں جبکہ خصوصی راشن پیکٹ بھی فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :