میٹرو بس پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی منازل طے کر رہا ہے ‘سال نو کے آغاز پر راولپنڈی اسلام آباد سمیت نواحی علاقو ں کے شہری اس تیز رفتار معیار ی سفر سہولت سے مستفید ہو ں گے ،

رکن پنجاب اسمبلی زیب النساء اعوان کا بیان

منگل 25 نومبر 2014 21:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) رکن پنجاب اسمبلی زیب النساء اعوان نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ تیزی سے تکمیل کی منازل طے کر رہا ہے اور سال نو کے آغاز پر راولپنڈی اسلام آباد سمیت نواحی علاقو ں کے شہری اس تیز رفتار معیار ی سفر سہولت سے مستفید ہو ں گے اور میگا پراجیکٹ سے جڑواں شہروں کا ٹرانسپورٹ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں میٹرو بس پراجیکٹ عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین محمد حنیف عباسی کی کوششوں کوسراہا جو ہر مرحلے پر قریبی رابطے سے اس منصوبے پر کام کی رفتار تیز تر کرنے کے لئے کوشاں ہیں تاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق میٹرو بس کے منصوبے کو بلا تاخیر مکمل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

زیب النساء اعوان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کی تعمیر و ترقی کے لئے خطیر فنڈز فراہم کئے ہیں اورمیٹرو بس سروس کے علاوہ راولپنڈی کا کارڈیالوجی ہسپتال ، مری روڈ پر زیر تعمیر یورالوجی ہسپتا ل ، چوہٹر فلائی ، مری روڈ پر فلائی اورز کی تعمیراور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے لئے بھی محمد حنیف عباسی کی خصوصی کاوشیں ان کی اہلیان راولپنڈی سے محبت کا منہ بولتا ثبو ت ہیں۔ زیب النساء اعوان نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوام کو مسائل سے نجات دلانے کے لئے کوشاں ہے اور تمام وسائل ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرکے عوام کو بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔