اووربلنگ کیس ،قائمقام سیکرٹری وزارت پانی و بجلی کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں بروقت جواب داخل نہ کرانے کے ذمہ دار افسران کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

منگل 25 نومبر 2014 21:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) وزارت پانی و بجلی کے قائمقام سیکرٹری یونس ڈاگا نے بجلی کے اوور بلوں سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں بروقت وزارت کی طرف سے جواب داخل نہ کرانے کے ذمہ دار افسران کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے بجلی کی اوور بلنگ سے متعلق کیس میں وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جواب داخل نہ کرنے اور سیکرٹری یونس ڈاگا کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر سیکرٹری پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بجلی کے اوور بلوں سے متعلق وزارت کے ایک جوائنٹ سیکرٹری نے جواب تیار کر کے ایڈمن برانچ میں بھجوا دیا تھا او رانہیں ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ یہ جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں بروقت جمع کرا دیاجائے تاہم فائل ایڈمن برانچ میں ہی پڑی رہ گئی اور عدالت میں جواب جمع نہ کرانے کی وجہ سے جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی سیکرٹری پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا تھا جس پر وفاقی سیکرٹری یونس ڈاگا نے سست روی اور نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :