وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر ایجنسی کے متاثرین کو نظر انداز کرنے کے خلاف احتجاجی کیمپ

منگل 25 نومبر 2014 21:08

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف خیبر ایجنسی نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر ایجنسی کے متاثرین کو نظر انداز کرنے کے خلاف گزشتہ روز پشاور پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا گیا جس کی قیادت تحریک انصاف فاٹا کے آرگنائزر اقبال آفریدی کر رہے تھے کیمپ کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے ۔

(جاری ہے)

کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اقبال آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے خیبر ایجنسی کے متاثرین کو کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس کے باعث خیبر ا یجنسی کے آئی ڈی پیز میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک خیبر ایجنسی کے متاثرین کی رجسٹریشن تک نہیں کی گئی ہے جس کے باعث تحریک انصاف نے اپنی مدد آپ کے تحت ان کیلئے ریلیف کیمپ لگائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خیبر ایجنسی متاثرین کے مسائل حل کرنے اور ان کی مالی امداد کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے اور جہاں کہیں بھی ان کو مشکلات درپیش ہوں گی ان کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے ۔