لاہور سمیت پنجاب میں ٹریفک انجینئرنگ اور مینجمنٹ کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے‘ شہباز شریف،

ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے رانا مقبول کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی کی تشکیل، اگلے دس روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

منگل 25 نومبر 2014 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ منظم ٹریفک کا نظام مہذب معاشروں کی پہچان ہوتا ہے، لاہور سمیت پنجاب میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں تمام متعلقہ محکموں کو فعال اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ٹریفک نظام کو بہتر بنا کر نہ صرف وقت بلکہ تیل کی بھی بچت کی جا سکتی ہے،وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت پنجاب میں ٹریفک انجینئرنگ اور مینجمنٹ کے حوالے سے شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں جامع سفارشات اگلے 10 رو ز کے اندر پیش کی جائیں۔

وہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں لاہور سمیت پنجاب کے ٹریفک نظام میں بہتری کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے ٹریفک نظام میں بہتری کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنا کر شہریوں کی آمد و رفت میں آسانی پیدا کی جا سکتی ہے اور اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے پروگرام مرتب کیا جائے۔ عوام میں ٹریفک کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کیلئے موثر آگاہی مہم بہت ضروری ہے۔ ٹریفک اہلکاروں کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے چیک اینڈ بیلنس کا موثر میکانزم ہونا چاہیئے۔ ٹریفک انجینئرنگ اور مینجمنٹ کے حوالے سے اصلاحات متعارف کرائی جائیں۔

انہو ں نے کہا کہ ڈرائیورز کی تربیت ٹریفک نظام میں بہتری لانے کیلئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے اسی لئے ڈرائیونگ سکولز کو آؤٹ سورس کرکے بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ متعلقہ حکام ڈرائیونگ سکولز کو آؤٹ سورس کرنے کے حوالے سے پلان مرتب کریں۔ وزیراعلیٰ نے معاون خصوصی رانا مقبول احمد کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک نظام میں بہتری کیلئے سٹیرنگ کمیٹی اگلے 10 روز میں حتمی سفارشات پیش کرے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، سیکرٹریز ٹرانسپورٹ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ڈی آئی جی ٹریفک،سی سی پی او لاہور، چیف ٹریفک آفیسر ، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :