صوبے بھر کی کھیت سے منڈیوں سمیت تمام سڑکوں کا ڈیٹا بینک مرتب کرنے کی ہدایت

کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے تمام جاری منصوبے رواں مالی سال مکمل کئے جائیں‘شہباز شریف، منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل سے دیہی کمیونٹی اور کاشتکاروں کو ذرائع نقل و حمل کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی ، زرعی معیشت کو فروغ ملے گا، حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی‘وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب

منگل 25 نومبر 2014 20:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جدید انفراسٹرکچر کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور پنجاب حکومت ذرائع نقل و حمل کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے،وزیراعلیٰ نے کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے تمام جاری منصوبے رواں مالی سال مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتاری سے ان منصوبوں کی تکمیل سے دیہات میں رہنے والے افراد کو ذرائع نقل و حمل کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی اور کاشتکاروں کو اپنی اجناس منڈیوں تک لے جانے میں آسانی ہوگی۔

انہو ں نے صوبے بھر کی کھیت سے منڈیوں سمیت تمام سڑکوں کا ڈیٹا بینک مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعلی محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز دیہات میں رہنے والے افراد کی سہولت اور ترقی و خوشحالی کیلئے کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کے جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے جاری منصوبے رواں مالی سال مکمل ہونے چاہئیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے زرعی معیشت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی میں جدید انفراسٹرکچر کا کردارنہایت اہمیت کا حامل ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی کھیت سے منڈیوں تک سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے جاری و نئے منصوبوں اور دیگر امور کے حوالے سے حتمی سفارشات پیش کرے ۔صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید، پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات و تعمیرات نعیم اختر خان، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز زراعت، اطلاعات، خزانہ، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :