صوبے کے پانچ اضلاع میں ڈسٹرکٹ گورننس کمیونٹی ڈولپمنٹ پراجیکٹ کے نام سے ایک پانچ سالہ پروگرام جنوری 2015میں شروع کیا جا رہا ہے: وزیر بلدیات کے پی کے

منگل 25 نومبر 2014 20:14

پشاور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء)خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے یورپی یونین کے وفد کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملاکنڈ ڈویثرن میں یورپی یونین کے تعاون سے کمیونٹی ڈرائیون پراجیکٹ جلد شروع کرنے کے لئے پر عز م ہے اور اس ضمن میں پہلے ہی حکومت کی طرف سے بجٹ میں 500ملین روپے مختص کئے گئے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ حکومتی حصے کو مزید بڑھایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں یورپی یونین وفد کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ مظفر سید، یورپی یونین کے سیکشن ہیڈ بنواسٹ اور دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ یورپی یونین کے مالی تعاون سے ملاکنڈ ڈویثرن کے چھ اضلاع دیر لوئر، دیر اپر، سوات، شانگلہ، چترال اور مالاکنڈ میں ڈسٹرکٹ گورننس کمیونٹی ڈولپمنٹ پراجیکٹ کے نام سے ایک پانچ سالہ پروگرام جنوری 2015میں شروع کر رہی ہے جس میں یورپی یونین تقریباًٍ 8ارب60کروڑ روپے فراہم کریگی جبکہ صوبائی حکومت نے پہلے سال میں 500 ملین روپے مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

عنایت اللہ نے کہا کہ یہ پراجیکٹ مستقبل میں ایک بڑا اور رول ماڈل پراجیکٹ ثابت ہو گا اور اس کی تکمیل کے نتیجے میں ملاکنڈ ڈویثرن کے لاکھوں لوگوں کی غربت ختم ہونے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملاکنڈ ڈویثرن کے لوگ پہلے ہی کمیونٹی ڈرائیون پراجیکٹس کے طریقہ کار سے واقف ہیں اور وہ اس پراجیکٹ کی تکمیل میں مکمل تعاون فراہم کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مستقبل میں اپنے فنڈز بھی کمیونٹی کے ذریعے خرچ کرنے کے لئے منصوبہ مندی کر رہی ہے تاکہ فنڈز صحیح طریقے سے استعمال ہوں اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچ سکے اور کرپشن اور کمیشن کے راستے بند کئے جا سکیں۔ وفد نے مکمل تعاون فراہم کرنے پر صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔