بھکر ،ڈی سی او محمد زمان وٹو کا ضلع میں بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈز کے سست رو اجراء کا نوٹس

منگل 25 نومبر 2014 20:02

بھکر ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) ڈی سی او محمد زمان وٹو نے ضلع میں بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکورٹی کارڈز کے سست رو اجراء کا نوٹس لیتے ہوئے سوشل سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کی انتظامیہ کو احکامات جاری کیے ہیں کہ بھٹہ مزدوروں کو مذکورہ کارڈز کا حسب ضابطہ اجراء جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ سوشل سیکیورٹی میں رجسٹرڈ بھٹہ مزدور حکومت پنجاب کے منظور کردہ ویلفیئر پیکج سے فوری فوائد حاصل کرسکیں ۔

انہوں نے یہ احکامات ڈسٹرکٹ ویجی لینس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے ۔ڈی سی او محمد زمان وٹونے سوشل سیکورٹی انتظامیہ کو مزید ہدایت کی کہ احکامات کی تعمیلی رپورٹ بلا تاخیر ارسال کی جائے ۔انہوں نے بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے نمائندہ کو تاکید کی کہ بھٹہ ہائے خشت پر کام کرنیوالے مزدوروں کو ویجز کی ادائیگی مقررہ شرح کے مطابق یقینی بنائی جائے اور کسی بھٹہ پر جبری مشققت اور چائلڈ لیبر کا ارتکاب ہر گز نہ ہونے پائے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے ڈی او لیبر کو حکم دیا کہ بھٹہ ہائے خشت کی تفصیلی انسپکشن کرکے جبری مشققت یا چائلڈ لیبر کا ارتکاب کرنیوالوں کے بارے میں رپورٹ پیش کی جائے ۔انہوں نے سوشل سیکورٹی اور لیبر ڈپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کے سوشل سیکورٹی پیکج کے بارے میں معلوماتی سیمینارمنعقد کرکے بھٹہ مزدوروں کو مکمل راہنمائی اور آگاہی فراہم کی جائے۔