صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، اتحادی جماعتوں کی آپس میں ہم آہنگی ہے ‘جن معاملات پر تحفظات ہیں جلد دور کردئیے جائینگے ، بعض جماعتیں میڈیا کا سہارا لے کر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کررہی ہیں،

پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا کا تقریب سے خطاب

منگل 25 نومبر 2014 19:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی سید لیاقت آغا نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، اتحادی جماعتوں کا آپس میں بہترین ہم آہنگی ہے جن معاملات پر خدشات اور تحفظات ہیں انہیں جلد دور کردیا جائے گا ، بعض جماعتیں میڈیا کا سہارا لے کر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کررہے ہیں جو صحیح نہیں ، پشتونخوا میپ عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ کی لاج بہر صورت رکھے گی ، بجلی ، گیس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوستان ریگی میں سوئی گیس کی افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا میپ کا پروگرام پشتون قومی وحدت ، حق حاکمیت اور قومی برابری ہے جس کے لئے جدوجہد جاری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ صوبے میں بجلی ، پانی اور گیس کی عوام کو فراہمی کے لئے موجودہ صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے نہ صرف 2 ٹرانسمیشن لائنیں مکمل ہوچکی ہیں بلکہ مانگی ڈیم اور دیگر پر بھی کام کیا جائے گا ۔

موجودہ حکومت کی ترجیحات میں تعلیم اور صحت بھی شامل ہے تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا ، ہم غیر حاضر ٹیچرز اور ڈاکٹرز کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اگرچہ ٹیچرز کی بھرتی کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ خوش آئند ہے تاہم ٹیچرز اور ڈاکٹرز کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کی اب بھی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے برسراقتدار آنے سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف سب کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہر رکن صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی کاموں صحت اور تعلیم کی مد میں فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں اسی لئے صوبہ بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہے ۔ پشتونخوا میپ کے منتخب اراکین اسمبلی عوام کو جوابدہ ہے اور ان کی ترقی کے لئے آنے والے فنڈز کی امانت دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کو قوم کے حاکم نہیں بلکہ خادم سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے ریگی میں پل کے لئے سو فٹ جال بچھانے کا بھی اعلان کیا ۔

اس موقع پر سید لیاقت آغا کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ (ن) لیگ سمیت دیگر جماعتوں کے ساتھ ان کی ہم آہنگی ہے بعض خدشات اور تحفظات کو جلد دور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض جماعتیں اقتدار کے حصول کیلئے میڈیا کا سہارا لے کر حکومت بارے عوام میں غلط فہمیاں پید اکرنا چاہتی ہیں مگر ایسا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں انتخابات کے برسراقتدار آنے والی قیادت کے مثبت کردار سے خطہ پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے ۔

اس موقع پر تقریب سے پشتونخوا میپ ریگی یونٹ کے سیکرٹری حاجی نعمت اللہ ، صوبائی رہنماء ولی افغان ، حاجی عبدالودود ، ڈاکٹر حبیب ، صلاح الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور امید ظاہر کی کہ پارٹی رہنماء اسی طرح بلاامتیاز عوام کی خدمت جاری رکھیں گے ۔ ا نہوں نے طلباء کو سکالرشپ اور بیمار افراد کے لئے میڈیکل کی مد میں رقم دینے کو خوش آئند قرار دیا ۔

متعلقہ عنوان :