وزیر اعظم نوا زشریف کی نیپال جاتے ہوئے طیارے میں کھٹمنڈو پہنچ کر میڈیا سے بات چیت

منگل 25 نومبر 2014 19:44

وزیر اعظم نوا زشریف کی نیپال جاتے ہوئے طیارے میں کھٹمنڈو پہنچ کر میڈیا ..

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) وزیر اعظم نوا زشریف نے کہا ہے کہ سارک کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے ‘ پاک بھارت سیکرٹری خارجہ مذاکرات کی منسوخی بھارت کا یک طرفہ فیصلہ تھا ‘ مذاکرات کے حوالے سے گیند بھارت کے کورٹ میں ہے۔‘ وہ سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت کیلئے نیپال جاتے ہوئے راستہ میں اپنے طیارے میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مذاکرات کے لیے تیار ہے پہل بھارت کو کرنا ہوگی۔وزیر اعظم نے نیپال پہنچنے پر کہاکہ یورپی یونین اور دنیا کی دوسری علاقائی تنظیمیں زبردست ترقی کرچکی ہیں لیکن سارک کو 30 سال ہوچکے ہیں اور اس میں خاطرخواہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے جبکہ پاکستان ، بھارت کے کشیدہ تعلقات کے باعث بھی سارک خاطرخواہ ترقی نہیں کرسکی تاہم پاکستان مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن اس کے لیے بھارت کو پہل کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے خارجہ سیکرٹری مذاکرات کو منسوخ کردیا تھا لیکن کسی ایک وزیراعظم کو بات چیت ختم کرنے کا اختیار نہیں تھا۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ حکومت خطے میں امن اور استحکام چاہتی ہے، بہتر سکیورٹی اور معاشی تعاون کے اقدام سے خطے کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک کو یورپی یونین کی طرز پر معاشی ترقی اور تجارت کا فورم بنانا چاہتے ہیں کیونکہ سارک کا خطہ امن اور اقتصادی تعاون کی فضا میں ترقی کرسکتا ہے۔

قبل ازیں 2 روزہ سارک سربراہ کانفرنس کے لیے وزیراعظم نواز شریف کھٹمنڈو پہنچے تو نیپالی نائب وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا ‘ایئر پورٹ پر منعقدہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نواز شریف کے کے ہمراہ ان کے معاون خصوصی عرفان صدیقی اور طارق فاطمی بھی ہمراہ تھے مشیر خارجہ سرتاج عزیز گزشتہ روز ہی کھٹمنڈو پہنچ گئے جہاں انہوں نے گزشتہ روز وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعظم نوازشریف (آج) سارک سربراہ کانفرنس سے خطاب کریں گے اور (کل)جمعرات کو وہ سارک ممالک کے سربراہان مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے جس میں دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سارک سربراہ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف کی اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی سے ملاقات کو خارج از امکان ظاہر کیا گیا ہے تاہم اس دوران وفود کی سطح پر مذاکرات کیے جائیں گے۔