چارسدہ،لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کا مطالبات کے حق میں فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ ،مطالبات نہ ماننے کی صور ت میں 3دسمبر کو پورے صوبے میں مکمل ہڑتال،میونسپل سروسسز بند کرنے کا اعلان

منگل 25 نومبر 2014 19:09

چارسدہ ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کا مطالبات کے حق میں فاروق اعظم چوک میں احتجاجی مظاہرہ ۔ مطالبات نہ ماننے کی صور ت میں 3دسمبر کو پورے صوبے میں مکمل ہڑتال اور میونسپل سروسسز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ سروس سٹرکچر ، کلیریکل سٹاف سمیت تمام ملازمین کی اپ گریڈیشن اور سی پی فنڈ ملازمین کو ریگولر کرنے کا اعلان نہ کیا گیا تو دمادم مست قلندر ہو گا۔

شاد خان ۔ تفصیلات کے مطابق لو کل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن خیبر پختون خواہ نے اپنے مطالبات کے حق میں فاروق اعظم چوک چارسدہ میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جس کی قیادت شادخان، عبد الرشید ، ارشد ، جاوید خان ، اسماعیل خان نے کی ۔ مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے شادخان صوبائی جنرل سیکرٹری میونسپل ملازمین نے کہاکہ میونسپل ملازمین دن بدن معاشی بدحالی اور مسائل کے شکار ہو رہے ہیں جس سے ملازمین میں کافی اضطراب اور بے چینی پائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ریٹائرڈ اور حاضر سروس ملازمین کو بقایا جات کی عدم آدائی موجود ہ صوبائی حکومت کی نااہلی اور ناکامی ہے ۔ وزیر اعلی اور صوبائی وزیر بلدیات میونسپل ملازمین کے مسائل سے بے خبر رہ کر بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اکثر وبیشتر صوبے سے باہر رہ کر ہمارے احساسات کا قتل کررہے ہیں ۔ مظاہرے سے خطاب کر تے ہوئے دیگر مقررین نے مطالبہ کیا کہ میونسپل ملازمین کی بھی دیگر سرکاری محکموں کی طرح سروس سٹرکچر ، کلیریکل سٹاف سمیت تمام ملازمین کے اپ گریڈیشن اور سی پی فنڈ کو ریگولر کرنے کے علاوہ میونسپل کمیٹیز کے ملازمین کے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی پر شدید تنقید و غم وغصے کا اظہار کیااور مطالبہ کیا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جائے۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ بلدیاتی ملازمین کے مطالبات 03دسمبر تک تسلیم نہ کئے گئے تودمادم مست قلندر ہو گا۔ مظاہرے میں حکومت کیخلاف اور ملازمین کے حق میں نعرہ بازی کی گئی ۔