اوور بلنگ کی شکایات پر تین کمپنیاں آڈٹ کر رہی ہیں، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کر دی جائیگی‘ عابد شیر علی،

وزیر اعظم کی ہدایات پر اوور بلنگ سمیت دیگر شکایات کے ازالہ کیلئے ملک بھر میں کھلی کچہریاں لگا ئی جارہی ہیں ،اگلی کچہری پشاور میں ہوگی، تمام واپڈا افسران نماز جمعہ کے بعد عوام کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریاں لگائینگے‘وزیر مملکت برائے پانی وبجلی کی لاہور میں کھلی کچہری

منگل 25 نومبر 2014 18:59

لاہور( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ اوور بلنگ کی شکایات پر تین کمپنیاں آڈٹ کر رہی ہیں، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کر دی جائیگی، وزیر اعظم کی ہدایات پر اوور بلنگ سمیت دیگر شکایات کے ازالہ کیلئے ملک بھر میں کھلی کچہریاں لگا ئی جارہی ہیں ،اگلی کچہری پشاور میں لگاؤں گا جسکے بعد ملتان اور سکھر جاؤں گا ،تمام واپڈا افسران نماز جمعہ کے بعد عوام کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریاں لگائیں گے ،حکومت بجلی کے بحران کے حل کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے ، نندی پور  گدو سمیت دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے اور بہت جلد تین سے چار ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل ہو جائیگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو آفیسرز کلب ملتان روڈ لاہور میں کھلی کچہری کے موقع پر خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکو راؤ ضمیر الدین سمیت لیسکو کے دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے فیصل آباد کے بعد لاہورآیا ہوں اور اگلا پڑاؤ پشاور میں ہوگا جسکے بعد ملتان ‘ سکھر اور دیگر شہروں میں صارفین کی شکایات کے ازالے کے لئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوور بلنگ کی شکایات کے ازالے کیلئے تین مختلف کمپنیوں سے آڈٹ کروایا جا رہا ہے جس کی حتمی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسمشن لائنوں کو بہتر کرنے اور نئی لائنیں بچھانے کیلئے فوری عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اس اقدام سے لائن لاسز کم کرنے میں مدد ملے گی ۔خراب میٹرز کی تبدیلی کا عمل بھی جاری ہے اور بہت جلد خراب میٹر کو تبدیل کر کے نئے میٹر لگا دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تیز میٹر کی شکایات کے ازالہ کیلئے بھی کام شروع کر دیا گیا ہے اور جہاں پر بھی تیز میٹر کی شکایات موصول ہو رہی ہیں وہاں پر فوری طور پر ٹیمیں چیک کرنے کے بعد شکایات کو دور کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام واپڈا افسران کو صبح 9 سے 11 بجے تک دفاتر میں حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور وہ اس دوران موقع پر ہی عوام کی شکایات کو سن کر احکامات جاری کریں گے۔

صارفین سے خطاب کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ ہم یہاں نعرے بازی نہیں بلکہ کام کرنے آئے ہیں ۔ میں ہر جگہ جاؤں گا اور صارفین کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ بجلی کے بلوں میں مسئلہ ہے اسی لئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کے حکم پر یہاں آیا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ اور بجلی چوری کراننے میں ملوث عملے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ واپڈا کے اہلکار آپ کے لئے دن رات کام کرتے ہیں ۔دوران ڈیوٹی کئی اہلکار شہید بھی ہوئے ۔ جو بھی ہمارے اہلکاروں پر ہاتھا ٹھائے گا وہ ہم پر ہاتھ اٹھائے گا ۔