Live Updates

بھارت نے مذاکرات ختم کئے پہل اسے ہی کرنا ہوگی غربت اور مفلسی کیخلاف جنگ کے سوا کوئی اور جنگ نہیں ،مصدق ملک ،

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 30 نومبرکے جلسے کیلئے تحریری درخواست نہیں ملی، درخواست ملی تو وزارت داخلہ غورکریگی پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے،ملکی سالمیت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی، وزارت پانی و بجلی کے ساتھ میرا کردار مشاورت کا ہے، اوور بلنگ کے معاملے میں میری مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا امریکہ ہمارا تجارتی شراکت دار ہے امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے وزیر اعظم کے ترجمان کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 25 نومبر 2014 18:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارت نے مذاکرات ختم کئے  پہل اسے ہی کرنا ہوگی  غربت اور مفلسی کے خلاف جنگ کے سوا کوئی اور جنگ نہیں چاہتے  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 30 نومبرکے جلسے کیلئے تحریری درخواست نہیں ملی، درخواست ملی تو وزارت داخلہ غورکریگی پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے،ملکی سالمیت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی، وزارت پانی و بجلی کے ساتھ میرا کردار مشاورت کا ہے، اوور بلنگ کے معاملے میں میری مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا امریکہ ہمارا تجارتی شراکت دار ہے  امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے۔

منگل کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان کے صدر کے دورہ پاکستان اور اب سارک سربراہ کانفرنس کے انعقاد سے باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا ایک نیا باب کھل رہا ہے اور ہمارے پاس شاندار موقع موجود ہے اس کے ذریعے ملکی ترقی کو آگے بڑھائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے اور مذاکرات کے لئے پیش قدمی پاکستان نے کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات کا فیصلہ ہوا تھا لیکن بھارت نے یکطرفہ طور پر فیصلہ کر کے خارجہ سیکرٹریوں کی سطح پر مذاکرات ختم کر دیئے، اب مذاکرات کی بحالی کے لئے اسے ہی پہل کرنا پڑے گی، اگر بھارت مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی اور غیر ملکی دوروں کا بنیادی مقصد اندرونی معاشی ترقی اور توانائی کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ اندرونی استحکام پیدا کرنا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں اس کے خطے کی ترقی بہت اہمیت رکھتی ہے، دنیا میں جو بھی ممالک ترقی کر رہے ہیں انہوں نے خطے کے اندر تجارت اور معاشی سرگرمیاں بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے فریم ورک بنائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سارک کا پلیٹ فارم انتہائی موثر پلیٹ فارم ہے، وزیراعظم سارک سربراہ کانفرنس میں یہ پیغام لے کر گئے ہیں کہ ہم بھوک اور غربت کے خلاف جنگ چاہتے ہیں، کوئی دوسری جنگ نہیں، سارک سربراہ کانفرنس کے دوران خطے میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے مختلف تجاویز پیش کی جائیں گی تاکہ اس پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنایا جائے، سارک کے پلیٹ فارم کو موثر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اس کے رکن ممالک کے دوطرفہ تعلقات بھی مضبوط ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سارک سربراہ کانفرس کے دوران دونوں وزراء اعظم کے درمیان ملاقات کے لئے نہ تو ہم نے کوئی دعوت نامہ بھجوایا ہے اور نہ ہی بھارت کی طرف سے کوئی دعوت موصول ہوئی، اگر دعوت ملی تو پھر اس پر غور کیا جائے گا۔ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، اس معاملے پر ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کرا چکے ہیں، پاکستان اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے اور کر رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سارک کے رکن ممالک کے ساتھ سیکرٹریوں اور وزراء کی سطح پر بات چیت ہو رہی ہے، توانائی، مواصلات اور معیشت سمیت مختلف شعبوں پر کام کیا جا رہا ہے، پاکستان کی طرف سے تعاون کو فروغ دینے کے لئے مثبت تجاویز دی جائیں گی۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، امریکہ ہمارا تجارتی شراکت دار ہے اور وہ توانائی اور دوسرے شعبوں میں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستان اور امریکہ آپس میں اتحادی ہیں، ہر ملک اپنے مفاد اور آئندہ نسلوں کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھ کر پالیسیاں بناتا ہے، امریکہ کے بارے میں ہماری پالیسی تبدیل نہیں ہوئی، معاشی ترقی، توانائی اور دفاعی شعبوں میں تعاون اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، چین پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ہے اور وہ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

30 نومبر کو اسلام آباد میں تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں حکومت کا موقف واضح ہے کہ اگر وہ قانون کی خلاف ورزی کئے بغیر جلسہ کرنا چاہیں تو اس کی اجازت ہو گی، پہلے بھی مختلف شہروں میں تحریک انصاف جلسے کرتی رہی ہے اور وہاں پر ضلعی اور صوبائی سطح پر انہیں تحفظ فراہم کیا گیا تاہم ہم نے دیکھا ہے کہ تحریک انصاف نے پہلے بھی اسلام آباد میں تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی تھی، اب اسلام آباد کے شہریوں اور ریاست کے اداروں کے تحفظ کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے، ہمیں امید ہے کہ تحریک انصاف قانون کے دائرے میں رہ کر جلسہ کرے گی۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے اسے بہت سی کامیابیاں ملی ہیں، پچھلے دو ماہ کے دوران دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی گئیں، افراط زر کی شرح میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے، کنزیومر پرائس انڈیکس جو پچھلے سال ان دنوں میں 9.1 فیصد تھا وہ کم ہو کر رواں سال اکتوبر میں 5.8 فیصد جبکہ فوڈ پرائس انڈیکس جو پچھلے سال 9.8 فیصد تھا، رواں سال اکتوبر میں کم ہو کر 5.2 فیصد پر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، کراچی سٹاک ایکس چینج کا انڈیکس 32000 کی سطح تک پہنچ گیا، حکومت آئندہ سال موسم گرما سے پہلے 2400 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کرے گی، میکرو اقتصادی صورتحال میں بہتری کے بعد روپے کی قدر میں بھی استحکام آیا لیکن کچھ وقت کے لئے سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ڈالر جو 99 اور 98 روپے کی سطح پر آ گیا تھا وہ اوپر چلا گیا لیکن اب پھر اس کی قیمت میں کمی آ رہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے وزیراعظم کی قرضہ سکیم سے نئے کاروبار اور بالخصوص نوجوانوں کو ذریعہ معاش مل رہا ہے، چین کی طرف سے 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں میں بھی افرادی قوت کو روزگار ملے گا، ہم اس وقت معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور روزگار کے مواقع لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔

اوور بلنگ کے حوالے سے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ اس حوالے سے تین کمپنیوں سے آڈٹ کرایا گیا ہے، وزارت پانی و بجلی کے ساتھ میرا کردار مشاورت کا ہے، اوور بلنگ کے معاملے میں میری مداخلت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لوڈشیڈنگ میں کمی کے حوالے سے مصدق ملک نے کہا کہ آئندہ سال گرمیوں میں 2400 میگا واٹ بجلی شامل ہو گی ۔ جس سے لوڈشیڈنگ میں واضح کمی ہو جائیگی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات