سابق وزرائے اعلیٰ کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں،آغا سراج درانی

منگل 25 نومبر 2014 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ سابق وزرائے اعلیٰ کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ یہ چلے ہوئے کارتوس ہیں ، جو ڈکٹیٹروں کے بل بوتے پر اقتدار میں آئے ۔ ان کے ماضی سے عوام اچھی طرح واقف ہیں ۔ منگل کو سندھ اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے آغا سراج درانی نے کہا کہ ارباب غلام رحیم چلا ہوا کارتوس ہے ۔

اب وہ دوبارہ وزیر اعلیٰ بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ جو شخص اسمبلی میں آنے سے ڈرتا ہو ، وہ اپنے حلقے کی نمائندگی کس طرح کرے گا ۔ اگر وہ اسمبلی میں نہیں آئیں گے تو وہ اپنی نشست بھی کھو سکتے ہیں ۔ ارباب غلام رحیم اسمبلی میں آنے سے کیوں ڈرتے ہیں تو وہ اس کی وجوہات بتائیں ۔ وہ صرف پروپیگنڈا کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اگر واقعی اسمبلی میں انہیں کسی بدمعاش سے ڈر لگتا ہے تو وہ اس بدمعاش کی نشاندہی کریں ۔

میں ان کا مکمل ساتھ دوں گا ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف ماضی میں بھی اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی قائم اور دائم ہے کیونکہ یہ عوام کی جماعت ہے اور وفاق کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزرائے اعلیٰ کا ایک جگہ اکٹھا ہو کر سیاسی اتحاد بنانا کوئی انوکھی بات نہیں اور نہ ہی اس اتحاد کے قائم ہونے سے پیپلز پارٹی کی صحت پر کوئی اثر پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 18 اکتوبر کی ایف آئی آر ارباب غلام رحیم کے خلاف درج ہونی چاہئے کیونکہ وہ اس سانحہ کے وقت سندھ کے وزیر اعلیٰ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ارباب غلام رحیم کے خلاف مقدمہ درج ہوا تو میں گواہی دینے آوٴں گا ۔

متعلقہ عنوان :