وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ،مسافروں کیلئے سہولیات ،صفائی کے معاملات کا جائزہ لیا

منگل 25 نومبر 2014 18:47

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا۔ جنرل منیجر محمدجاوید انور، آئی جی ریلوے پولیس منیر احمد چشتی، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصود النبی اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ لاہور عبدالحمید رازی سمیت اعلیٰ پولیس حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر ریلوے نے اسٹیشن پر مسافروں کے لیے سہولیات اور صفائی کے معاملات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

موسیٰ پاک ایکسپریس اور نائٹ کوچ میں صفائی کی صورتِ حال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ہیڈٹرین ایگزامینر محمد آصف اور ٹرین ایگزامینر مقصود کو معطل کردیا۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر مسافروں خصوصاً خواتین کے لیے سہولتوں کے اہتمام پر زور دیا اور ان کے آرام کے لیے الگ کمرے بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیکیورٹی کے معاملات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے کسی بھی خطرے کے سدباب کے لیے سیکیورٹی کو مکمل فول پروف بنانے کی ہدایت کی۔