خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا‘سردار شیر علی گورچانی

منگل 25 نومبر 2014 17:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 25نومبر 2014ء ) ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرادار شیر علی خان گورچانی نے کہا کہ پاکستان کی 52 فیصد سے زیادہ آبادی خواتین پر مشتمل ہے ،خواتین کو قومی دھارے میں شامل کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں خواتین کے مسائل کے حل کے لئے نہ صرف قانون سازی کی بلکہ اس پر عملدرآمد بھی کروایا تاکہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کر سکیں ۔

منگل کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار شیر علی گورچانی نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت پنجاب نے تاریخی اقدامات کئے ہیں جن میں سہرفہرست خواتین کو ہراساں کئے جانے کے خلاف تحفظ کا ایکٹ 2010ہے ۔ جس کے تحت خاتون محتسب ادارے کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔اس کے علاوہ اس ایکٹ کے تحت صوبے بھر میں خواتین کی شکایات کے ازالے کے لئے تمام سرکاری و غیر سرکاری ادراوں میں انکواری کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اب کوئی شخص اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین کو ہراساں نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تیزاب سے جلائے جانے کے واقعات کی روک تھام کے لئے حکومت نے دفعات کو سخت کیا اور اس عمل کو دہشت گردی ایکٹ کے مترادف قرار دیا اس ایکٹ کے نفاز سے تیزاب سے جلائے جانے کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کا احترام کرتے ہیں اور ہمیں ان کے مسائل اور مشکلات کا ادراک بھی ہے اس لئے ہم قوانین اور پالیسی بناتے وقت خاص طور پر خواتین کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں۔